ہفتہ، 17 فروری، 2018

افغانستان میں ملکر امن لائینگے:بھارت اور ایران کا اعلان

افغانستان میں ملکر امن لائینگے:بھارت اور ایران کا اعلان
نئی دہلی(حرمت قلم ٹیم)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی اور ایرانی صدر حسن روحانی نے افغانستان میں امن واستحکام کے لیے کوششوں کو بروئے کار لانے پر اتفاق کرلیا ہے۔ایرانی صدر حسن روحانی کے تین روزہ بھارت کے دورے کے آخری روز نئی دہلی میں ہونے والی ملاقات میں مودی نے افغانستان کو 'ایک پرامن، محفوظ، پائیدار، مستحکم اور متحد ملک بنانے کے عزم کا اظہار کیا۔مودی کا کہنا تھا کہ 'اپنے مشترکہ مفادات کو دیکھتے ہوئے ہم ایسی تنظیموں کو روکنے کے لیے پرعزم ہیں جو عالمی سطح پر دہشت گردی، انتہاپسندی، منشیات کی غیرقانونی ترسیل، سائبر کرائم اور دیگر جرائم کو بڑھاوا دے رہی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 'ہم اپنے خطے اور پوری دنیا کو دہشت گردی سے پاک دیکھنا چاہتے ہیں۔دونوں رہنماؤں کی جانب سے افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف جنگ کے لیے کسی قسم کے مالی تعاون یا ہتھیاروں کی مدد کا اعلان نہیں کیا گیا۔خیال رہے کہ بھارت، افغانستان کی حکومت کا کلیدی مددگار ہے اور 2001 میں طالبان کی حکومت کے خاتمے کے بعد سے اب تک افغانستان میں 2 ارب ڈالر سے زائد خرچ کر چکا ہے۔بھارت نے 2016 میں جنگ زدہ افغانستان کو تعلیم، صحت اور زراعت سمیت دیگر شعبوں میں ایک ارب ڈالر کی معاشی امداد کی پیش کش کی تھی۔مودی کا کہنا تھا کہ دونوں ممالک معاشی تعاون، خطے میں رابطے اور سلامتی کو ایران کے جنوبی علاقے میں موجود چاہ بہار بندرگاہ سے افغانستان اور وسطی ایشیا کو منسلک کرنے کے خواہاں ہیں۔خیال رہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں شروع کی گئی چاہ بہار بندرگاہ کے ذریعے حریف پاکستان کو پس پشت ڈال کر بھارت اپنی نئی تجارتی راہداری کو ترتیب دینا چاہتا تھا۔ایران پر 2012 سے 2016 تک جوہری پروگرام کے حوالے سے عالمی پابندیوں کے باجود بھارت نے اپنے تجارتی تعلقات قائم رکھے اور ایرانی تیل اور گیس کا اہم خریدار رہا ہے۔تاہم بھارت کے مقامی میڈیا کی جانب سے فرزاد بی گیس کا معاہدہ نہ ہونے پر سخت غصے کا اظہار کیا جاتا رہا ہے۔بھارتی وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ فرزاد بی کے حوالے سے بھی مذاکرات جاری ہیں۔ایرنی صدر اور بھارتی وزیراعظم نے ڈبل ٹیکس اور تجارتی معاہدوں پر عمل درآمد کے لیے نئے معاہدوں پر بھی دستخط کردیے۔ایک معاہدے کے مطابق بھارت، چاہ بہار میں ایک ٹرمینل کے لیے ڈیڑھ سال تک تعاون کرے گا۔یاد رہے کہ بھارت، ایران اور افغانستان نے 2016 میں خطے میں معاشی بہتری کی غرض سے چاہ بہار کی تعمیر کے لیے سہ فریقی معاہدے پر دستخط کئے تھے۔

عمران خان کا حدیبیہ کیس سپریم کورٹ میں چیلنج کرنے کا اعلان

اسلام آباد(مانیٹرنگ ڈیسک) تحریک انصاف کے چیئرمین نے کہا ہے کہ نوازشریف کیخلاف پارلیمنٹ،سپیکراورنیب نے کچھ نہیں کیا،حدیبیہ کیس کوسپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ہم انتخابی مہم میں حقائق عوام کے سامنے لائیں گے۔ پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم میں جس نے محنت نہ کی انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے۔ ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے عوام کو پتہ نہیں چلتا۔ ان خیالات کا اظہار پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین نے نجی ٹی وی کو دیئے گئے انٹرویو میں کیا۔عمران خان نے کہا کہ کامیاب ٹیم ہمیشہ ہارنے کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیتی ہے ۔ جس طرح کرکٹ میں میچ ہارنے کے بعد کارکردگی کا جائزہ لیتے تھے ۔ اسی طرح اب بھی جائزہ لے رہے ہیں ۔ جہانگیر ترین حلقے کو وقت نہیں دے سکے جس کا اعتراف انہوں نے خود کیا ہے ۔ عمران خان نے کہا کہ پی ٹی آئی کی ممبر شپ مہم شروع کررہے ہیں جنہوںنے ممبر شپ میں محنت نہ کی انہیں ٹکٹ نہیں دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ن لیگ نے دھاندلی کے اتنے طریقے نکال لیے عوام کو پتہ نہیں چلتا ۔پبلک آتی نہیں اور انہیں اتنے ووٹ پڑجاتے ہیں ضمنی اور عام انتخابات میں فرق ہوتا ہے ۔ ق لیگ اپنی حکومت میں تمام ضمنی الیکشن جیتی تھی ۔ نوازشریف سب کو بے وقوف بنانے کی کوشش کررہا ہے ۔ نوازشریف 300ارب روپے بیرون ملک لے گیا اس کا حساب دینا ہوگا۔ نوازشریف نے قطری خط کے علاوہ کچھ نہیں دیا ۔ نوازشریف نے 28جولائی کے بعد فوج اورعدلیہ پر تنقید شروع کردی ۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے چوری کرنے والے ملک سے فرار ہیں ۔ اسحاق ڈار بیماری کا بہانہ بنا کر فرار ہیں ۔ وزیراعظم نے اپنے جہاز میں اسحاق ڈار کو بھگایا ۔ اسحاق ڈار کے بیٹے اربوں پتی کیسے بن گئے ۔ عمران خان نے کہا کہ حدیبیہ کیس کو سپریم کورٹ میں چیلنج کریں گے۔ میں نے 40سال پرانے فلیٹ کی منی ٹریل عدالت میں جمع کرائی ۔ عوام کو بیوقوف بنانے پر نوازشریف کو جیل میں ڈالنا چاہتے ہیں ۔ نوازشریف عوام سے ملک لوٹنے کا لائسنس چاہتے ہیں ۔ نوازشریف کے خلاف پارلیمنٹ ، اسپیکر اور نیب نے کچھ نہیں کیا ۔ وزیراعظم خاقان عباسی کو پتا ہے کہ نوازشریف جھوٹ بول رہے ہیں ۔ سب کو پتا ہے نوازشریف کے پاس چوری کا پیسہ ہے ۔ تمام وزراء خود کرپشن میں ملوث ہیں ۔ ہم انتخابی مہم میں حقائق عوام کے سامنے لائیں گے ۔ نوازشریف کے نعرے اور وعدے سب جھوٹے ہیں ۔

loading...