لاہور(حرمت قلم نیوز) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئر مین جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال نے کہا ہے کہ جمہوریت کے خلاف کوئی سازش نہیں ہو رہی ، نیب کسی کے ساتھ امتیازی سلوک نہیں کرتا۔ میری توجہ پورے ملک پر مرکوز ہے، میں صرف کیس کو دیکھوں گا۔ کسی صوبے کو نہیں، نیب کو سیاسی رنگوں میں نہ رنگیں نیب کی اپنی کوئی عدالت نہیں۔ نیب صرف عوام ادارہ ہے جب کہ جمہوریت کے خلاف نیب کوئی سازش نہیں کر رہا۔ انہوں نے کہا نیب کے گواہوں کو ہر حال میں مکمل تحفظ فراہم کیا جائے گا اور دباؤ ڈالنے کی کوئی کوشش برداشت نہیں کی جائے گی۔ اگر یہ محسوس کیا گیا کہ با اثر ملزمان گواہوں پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہے ہیں تو ان کی ضمانت مسترد کرنے سمیت تمام اقدامات کئے جائیں گے۔ چیئر مین نیب نے مزید کہا کہ بیورو کریسی خاص کر پنجاب کے بعض اداروں سے عدم تعاون کی شکایت ہے۔ اب تک مسکرا کر برداشت کیا لیکن آئندہ عدم تعاون ہرگز برداشت نہیں کیا جائے گا۔ عدم تعاون کی روش مناسب نہیں اسے ختم کریں، آئندہ شکایت ہوئی تو حکومت پنجاب کے تمام افسران کے لئے بڑی مشکل ہو جائے گی۔ان کا کہنا تھا کہ غلط احکامات دینے اور عمل کرنے والے سن لیں، وہ کسی کو معاف نہیں کریں گے۔ نجی ہاؤسنگ سوسائٹیاں بنا کر عوام کو لوٹنے والوں کیلئے بھی کوئی معافی نہیں ہے۔ چیئر مین نیب نے کہا کہ پنجاب سب سے بڑا صوبہ ہے، وہ کسی کو نظر انداز نہیں کر رہے۔ تمام صوبوں پر یکساں توجہ دے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ لوگ بھی لالچ سے باز رہیں، وہ لالچ کے باعث لٹیروں کے جھانسے میں آ جاتے ہیں۔ چیئرمین نیب نے کہا ہے کہ ملک میں کرپشن تیزی سے پھیل رہی ہے جبکہ نیب نے کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کیا ہے اور نیب یہ کردار آئندہ بھی کردار ادا کرتی رہے گی۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ بات طے شدہ ہے کہ جو کوئی کرپشن کریگا اس کا احتساب ہوگا انہوں نے کہا کہ نیب افسران خود کو کسی دباؤ میں لائے بغیر کرپشن کے خاتمے کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور کسی بھی دباؤ کو خاطر میں نہ لائیں انہوں نے کہا کہ نیب نے اس حوالے سے بہت ساری کامیابیاں حاصل کیں اور ملک کے بااثر لوگوں کو کٹہرے میں لا کر کھڑا کیا انہوں نے کہا کہ عوام کے خون پسینے کی کمائی کو لوٹنے والا کوئی بھی ہواس کا کڑا احتساب کیا جائیگا یہی وجہ ہے کہ نیب کی کوئی سیاسی جماعت نہیں ہے۔جسٹس (ر) جاوید اقبال نے کہا نیب کا کسی سیاسی جماعت سے تعلق نہیں۔ جب تک عہدے پر ہوں کوشش ہے کرپشن ختم کروں۔ سب قانون کے پابند ہیں۔ کرپشن کا طوفان روکنے کیلئے خود حصہ لیا، ذہن میں یہ نہ لائیں کوئی چند روز میں کروڑ پتی بن سکتا ہے۔ جائز شکایات پر توجہ دینے کی یقین دہانی کراتا ہوں۔شاہ سے زیادہ کے وفادار سن لیں ان کیخلاف بھی ایکشن ہو گا۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں