لاہور(حرمت قلم نیوز)امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد ابراہیم آل طالب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا مضبوط ترین دوست ہے،خطے کو درپیش مسائل کے حل کےلئے تمام امت کو متحد ہونا ہو گا ، مسلمانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے، دنیا میں ہر چیلنج کا جواب علم سے ہی دیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجامعہ بلال السلامیہ میں منعقد کانووکیشن میں ایک تقریب سے خطاب اور مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کے موقع پر کیا ۔امام کعبہ نے جامعہ بلال السلامیہ میں نماز مغرب کی امامت بھی کروائی۔امام کعبہ ڈاکٹر شیخ صالح بن آل طالب نے کہا کہ قرآن کی تکمیل کرنے والے میرے بچوں آپ کو مبارک ہو ، تم حقیقت میں بہتر لوگ ہو کیونکہ اس کی گواہی خود حضور ﷺ نے دی ہے، خدا نے آپ کے سینوں میں قرآن پاک کو محفوظ کر دیا ہے اس خزانے کو ضائع مت کرنا بلکہ اس کو آگے بڑھاؤ ، قرآن کے معنی سیکھو اور اس کو آگے بڑھاؤ ۔خدا سے دعا ہے کہ آپ کے ذریعے امت کو فائدہ پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ مبارکباد کے مستحق وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے اس جامع کو بنایا اور آپ کو اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اور دنیا میں ہر چیلنج کا جواب علم سے ہی دیا جاسکتا ہے ،علم کے ذریعے ہی ریاستیں ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرتی ہیں اس لئے انسانی فلاح کے لئے دین و دنیا کے علوم کے حصول کی اشد ضرورت ہے اور مسلمانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان اور اس کے عوام کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے اپنا بہترین دوست سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داری کو یاد رکھنا چاہیے اوراللہ کی راہ میں اپنے فرائض ادا کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں