کابل (مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز)افغانستان کے دارالحکومت کابل کے ریڈ زون میں طالبان نے پولیس چوکی پرخودکش دھماکہ کیا جس میں کم ازکم 95افراد ہلاک اور 158 زخمی ہوگئے۔
افغان وزارت صحت کے ترجمان وحید مجروح کا کہنا تھا کہ 'دھماکے میں اب تک ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد 95 تک پہنچ گئی ہے اور 158 افراد زخمی ہیں۔سرکاری میڈیا سینٹر کے ڈائریکٹر باریالئی ہلالی نے اس سے قبل ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے میڈیا کو آگاہ کیا ہے ۔فرانسیسی خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق ایک ایمبولینس سوار نے خود کو کابل کے ریڈ زون میں پُر ہجوم علاقے میں دھماکے سے اڑا لیا ۔دھماکہ اس قدر شدید تھا کہ جائے وقوعہ سے کم از کم دو کلومیٹر دور واقع عمارات بھی ہچکولے کھانے لگیں اور شیشے ٹوٹ کر دور دور تک اس کے ٹکڑے پھیل گئے۔ریسکیو اور سیکیورٹی اہلکار فوری طور پر جائے وقوع پہنچے اور لاشوں اور زخمیوں کو قریبی ہسپتال منتقل کیا گیا ۔افغان وزارتِ داخلہ کے نائب ترجمان نصرت رحیمی نے اے ایف پی سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حملہ آور نے اپنے مذموم مقصد کے لیے ایمبولینس کا استعمال کیا اور جب اسے پہلی چیک پوسٹ پر روکا گیا تو اس نے سکیورٹی اہلکاروں کو بتایا کہ وہ مریض کو ہسپتال لے کر جارہا ہے جبکہ دوسری چیک پوسٹ پر اسے روکنے کی کوشش کی گئی تو اس نے خود کو دھماکے سے اڑا لیا۔
طلوع نیوز کے مطابق دھماکہ وزارت داخلہ کی پرانی عمارت کے قریب دو چیک پوائنٹس کے درمیان ہوا جبکہ اس کی ذمہ داری طالبان نے قبول کرلی۔ پاکستان کی جانب سے کابل کے ریڈ زون میں ہونے والے دہشت گرد حملے کی شدید مذمت کی گئی ہے۔دفتر خارجہ سے جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ 'دہشت گرد واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر ہم گہرے دکھ اور رنج کا اظہار کرتے ہیں جہاں اطلاعات کے مطابق کئی افراد زخمی بھی ہوئے ہیں۔واقعے کی پرزور مذمت کرتے ہوئے بیان میں کہا گیا ہے کہ 'پاکستان ہر قسم کی دہشت گردی کی شدید مذمت کرتا ہے۔دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے ریاستوں کے مابین موثر تعاون اور کوششوں کی اشد ضرورت ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں