پیر، 5 مارچ، 2018

اسحاق ڈار اثاثہ جات ریفرنس،نیشنل بینک کے صدر سمیت 3شریک ملزمان پر آئندہ سماعت پر فرد جرم عائد ہوگی

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد کی احتساب عدالت میں سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کیخلاف اثاثہ جات ریفرنس میں نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنس کی سماعت ہوئی۔ عدالت نے صدر نیشنل بینک سعید احمد سمیت تین شریک ملزمان پرآئندہ سماعت میں فرد جرم عائد کرنےکا فیصلہ کیا ہے۔ احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے سابق وزیر خزانہ اسحاق ڈار کے خلاف نیب کی جانب سے دائر ضمنی ریفرنس کی سماعت کی۔ اسحاق ڈار کے شریک ملزمان صدر نیشنل بنک سعید احمد خان۔ نعیم محمود اورسید منصوررضا عدالت کے روبرو پیش ہوئے۔ عدالت نے کہا کہ ملزمان کو ریفرنس کی نقول فراہم کرکے آج ہی فرد جرم عائد کرنے کی تاریخ مقرر کی جائے گی۔نیب کے تفتیشی افسر نادر عباس نے ریفرنس کی نقول عدالت میں جمع کروائیں جس کے بعد عدالت نے دستاویزات کی نقول تینوں شریک ملزمان کے حوالے کردیں۔ سعید احمد خان کے وکیل حشمت حبیب نے عدالت سے استدعا کی کہ فرد جرم عائد کرنے میں کافی رکاوٹیں موجود ہیں۔ ریفرنس کا جائزہ لینے کیلئے وقت دیا جائے جس پرعدالت نے فرد جرم عائد کرنے کیلئے بارہ مارچ کی تاریخ مقرر کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

loading...