جودھپور(نیٹ نیوز)کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان ضمانت کے بعد جیل سے رہا ہوچکے ہیں جہاں سے وہ خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی روانہ ہوگئے۔سلمان خان کو 2 روز عدالت کی جانب سے 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے فوری بعد ان کے وکلاء نے سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔عدالتی فیصلے کے بعد دبنگ خان کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 راتیں گزاریں لیکن اب عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر 25، 25 ہزار کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔
عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔سلمان خان کو عدالتی فیصلے کے بعد جودھ پور کی سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ لے جایا گیا جس کے بعد کچھ ہی دیر میں انہوں نے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئ کے لیے اڑان بھرلی ہے۔ فیصلے کے وقت دبنگ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے رہائی کے فیصلے پر خوب جشن منایا جب کہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا لیکن اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔
بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔واضح رہےکہ جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں