جمعرات، 25 جنوری، 2018

کے پی کے میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم،جے یو آئی اپوزیشن لیڈر سے محروم ہو سکتی ہے

مسلم لیگ ن اور جمعیت علمااسلام (ف )اپوزیشن لیڈر کیلئے آمنے سامنے،ن کے اسمبلی میں 16جبکہ جے یو آئی کے 15ارکان
کے پی کے میں پی ٹی آئی کی پوزیشن مستحکم،جے یو آئی اپوزیشن لیڈر سے محروم ہو سکتی ہے
جے یو آئی کے رہنماعمران خان سے ملاقات کرتے ہوئے
لاہور ( حرمت قلم نیوز ) جے یو آئی خیبرپختونخوا اسمبلی میں تیسری پوزیشن پر آ گئی، جے یو آئی سے اپوزیشن لیڈر کا عہدہ بھی چھن جانے کا امکان ہے۔خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ سے جے یو آئی کے ٹکٹ پر منتخب رکن صوبائی اسمبلی فضل شکور تحریک انصاف میں شامل ہو گئے ہیں جس کے بعد جے یو آئی کے قائدین نے فضل شکور کو ڈی سیٹ کرنے کے لئے قانونی مشاورت شروع کر دی ہے۔ تمام پہلوؤں کا جائزہ لیکر کر الیکشن کمیشن سے رجوع کیا جائے گا۔ایم پی اے فضل شکور کے جانے سے جے یو آئی خیبرپختونخوا اسمبلی میں عددی اعتبار سے تیسری پوزیشن پر آ گئی ہے۔ پی ٹی آئی 61 ارکان کے ساتھ پہلے نمبر پر جبکہ ن لیگ 16ایم پی ایز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ جے یو آئی کے ارکان کے تعداد کم ہو کر 15 ہو گئی ہے۔اپوزیشن لیڈر کا عہدہ جے یو آئی کے مولانالطف الرحمان کے پاس ہے لیکن ایوان میں ارکان کی تعداد کم ہونے سے اب قائد حزب اختلاف کا عہدہ ن لیگ کے پاس چلے جانے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے۔جے یو آئی اور ن لیگ کے مابین وفاق میں دوریاں بڑھ رہی ہیں جس کے اثرات خیبرپختونخوا میں بھی نظر آسکتے ہیں۔ اور حزب اختلاف کی دونوں جماعتوں کے مابین اپوزیشن لیڈر کی سیٹ پر محاذ آرئی ہو سکتی ہے۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

loading...