شیخو پورہ(حرمت قلم نمائندگان)مسلم لیگ (ن) کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ 70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے۔شیخوپورہ میں مسلم لیگ (ن) کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نواز شریف نے کہا کہ 2018 کے عام انتخابات میں امپائروں کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، پی پی پی کو تو پہلے ہی خدا حافظ کہہ دیا اب امپائروں کی انگلی والوں کا بھی خدا ہی حافظ ہے، عوام نے وزیراعظم نہ ہونے کے باوجود نواز شریف کو اپنے سر پر بٹھا لیا اور نااہل وزیراعظم کا استقبال کیا، میں نااہل نہیں لیکن مجھے نااہل کردیا گیا، پہلی بار 3 سال میں اور دوسری بار 2 سال میں چھٹی ہوگئی، پھر اٹک قلعے میں بند کردیا گیا اور پھر ملک بدر کردیا گیا۔نواز شریف نے کہا کہ مجھے نااہل کرنے والوں سے عوام بدلہ لیں گے اور الیکشن میں امپائروں کی انگلی والوں کے ڈبے خالی رہیں گے، پی پی پی اور لاڈلے کی پارٹی سے کسی ایک منصوبے کا نام پوچھو جو انہوں نے مکمل کیا ہو، پیپلزپارٹی نے ملک کو اندھیروں میں ڈبویا ہم روشنیاں واپس لے آئے، خیبرپختون خوا ٹوٹا پھوٹا ہے، پشاور اور کراچی میں ہر طرف گندگی اور کچرا ہے، نواز شریف کو لوڈشیڈنگ اور دہشت گردی ختم اور ترقیاتی منصوبے شروع کرنے کی وجہ سے فارغ کیا گیا۔نواز شریف کا کہنا تھا کہ 70 سال سے جاری کھیل ختم نہ ہوا تو ملک کو خطرات لاحق ہوجائیں گے، قوم 70 سال سے ہونے والے ظلم و زیادتی کا حساب لے گی، نواز شریف خدا کے سوا کسی سے نہیں ڈرتا اور ہم 70 سال کی تاریخ کو بدلیں گے، ووٹ کا احترام سب کو کرنا پڑے گا، ایسا نہیں چلے گا کہ 20 کروڑ عوام کے منتخب وزیراعظم کو چار پانچ لوگ نکال دیں، مجھے نااہل کرنے والوں سے بدلہ لو گے؟۔
علاوہ ازیں نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے شیخوپورہ میں ہی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ نواز شریف کو 3 بار ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا، کیا پاکستان میں ایسے ہی تماشا لگتا رہے گا؟ مائنس نواز شریف پر کام کرنے والوں کو ہمیشہ ناکامی ملے گی ۔اپنے خطاب میں مریم نواز نے کہا کہ کیا نواز شریف کی نااہلی کو مانتے ہو؟ کیا نواز شریف کیساتھ ہونیوالی نانصافی کو مانتے ہو؟ یہ اکیلے نواز شریف کا مقدمہ نہیں، نواز شریف کو 3 بار ووٹ کی پرچی روندنے والوں نے نکالا، میں نواز شریف کی سپاہی ہوں، ہم سب نواز شریف کے سپاہی ہیں، ہمارا نظام عدل عوام کا مقروض ہے، مائنس نواز شریف فارمولے پر کام کرنیوالوں کو کیا ملا؟ مائنس نواز کرنے والوں کو کچھ نہیں ملا۔مریم نواز نے مزید کہا کہ نظام عدل کو نواز شریف کے گزشتہ 20 سال کے قرض چکانے ہیں، نواز شریف کو اٹک قلعہ میں 14 ماہ قید رکھا گیا، نواز شریف کو 2 مرتبہ عمر قید کی سزا سنائی گئی، ڈوگر کورٹس نے نواز شریف کو نااہل کیا لیکن وقت آئے گا کہ جب حقیقی اور قانونی جے آئی ٹی بنے گی۔مریم نواز نے سوال کیا کہ کیا نواز شریف کا کال کوٹھری میں گزرا ہوا وقت لوٹا سکتے ہو؟ منصفوں کا سارا زور منتخب وزیر اعظم پر چلتا ہے۔
علاوہ ازیں ایک انٹرویو میں مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کے بعد وزیراعظم بننے کے سب سے زیادہ اہل شہباز شریف ہیں نواز شریف جو بھی فیصلہ کریں گے ان کے ساتھ ہیں۔ایکسپریس نیوز کے اینکر پرسن منصور علی خان کو شیخوپورہ جلسہ گاہ میں انٹرویو دیتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے ساتھ ہوں ان کے لیے ہاتھوں میں کنگن کی جگہ ہتھکڑی لگی تو تیار ہوں جیل بھی جانا پڑا تو خوشی سے جاؤں گی میں نوازشریف کے لیے ہر قربانی دینے کے لیے تیار ہوں۔اگلے وزیر اعظم کے سوال پر انہوں ںے کہا کہ اگلے وزیر اعظم کے لیے نواز شریف نے شہباز شریف کی بات کی ہے کیوں کہ وزیر اعظم بننے کے لیے نواز شریف کے بعد شہباز شریف ہی سب سے زیادہ اہل ہیں اس حوالے سے نواز شریف جو بھی فیصلہ کریں گے 500 فیصد ان کے ساتھ ہوں۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں