جمعرات، 8 مارچ، 2018

پاکستان ہمارا دوست،مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا،امام کعبہ

پاکستان ہمارا دوست،مسائل کے حل کیلئے متحد ہونا ہوگا،امام کعبہ
لاہور(حرمت قلم نیوز)امام کعبہ الشیخ صالح بن محمد ابراہیم آل طالب نے کہا ہے کہ پاکستان ہمارا مضبوط ترین دوست ہے،خطے کو درپیش مسائل کے حل کےلئے تمام امت کو متحد ہونا ہو گا ، مسلمانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے، دنیا میں ہر چیلنج کا جواب علم سے ہی دیا جاسکتا ہے ۔ان خیالات کا اظہار انہوں نےجامعہ بلال السلامیہ میں منعقد کانووکیشن میں ایک تقریب سے خطاب اور مقامی ہوٹل میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ کے موقع پر کیا ۔امام کعبہ نے جامعہ بلال السلامیہ میں نماز مغرب کی امامت بھی کروائی۔امام کعبہ ڈاکٹر شیخ صالح بن آل طالب نے کہا کہ قرآن کی تکمیل کرنے والے میرے بچوں آپ کو مبارک ہو ، تم حقیقت میں بہتر لوگ ہو کیونکہ اس کی گواہی خود حضور ﷺ نے دی ہے، خدا نے آپ کے سینوں میں قرآن پاک کو محفوظ کر دیا ہے اس خزانے کو ضائع مت کرنا بلکہ اس کو آگے بڑھاؤ ، قرآن کے معنی سیکھو اور اس کو آگے بڑھاؤ ۔خدا سے دعا ہے کہ آپ کے ذریعے امت کو فائدہ پہنچائے ۔ انہوں نے کہا کہ مبارکباد کے مستحق وہ لوگ بھی ہیں جنہوں نے اس جامع کو بنایا اور آپ کو اساتذہ بھی مبارکباد کے مستحق ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ علم کے بغیر کوئی معاشرہ ترقی نہیں کرسکتا اور دنیا میں ہر چیلنج کا جواب علم سے ہی دیا جاسکتا ہے ،علم کے ذریعے ہی ریاستیں ترقی و خوشحالی کی منازل طے کرتی ہیں اس لئے انسانی فلاح کے لئے دین و دنیا کے علوم کے حصول کی اشد ضرورت ہے اور مسلمانوں کو دینی تعلیم کے ساتھ جدید تعلیم بھی حاصل کرنی چاہیے ۔انہوں نے کہا کہ سعودی عرب پاکستان اور اس کے عوام کو بے حد قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور اسے اپنا بہترین دوست سمجھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی ذمہ داری کو یاد رکھنا چاہیے اوراللہ کی راہ میں اپنے فرائض ادا کرنے میں کوئی کوتاہی نہیں کرنی چاہیے۔

چیلوں کے بعد گرو کی باری، نہال،طلال،دانیال کے بعد نواز شریف کو بھی توہین عدالت میں طلب

چیلوں کے بعد گرو کی باری، نہال،طلال،دانیال کے بعد نواز شریف کو بھی توہین عدالت میں طلب
اسلام آباد(کورٹ رپورٹر)اسلام آباد ہائیکورٹ نے نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات، پیمرا اور پریس کونسل آف پاکستان سے 19 اپریل تک جواب طلب کرلیا ہے ۔  اسلام آباد ہائیکورٹ میں 26 فروری کو سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف توہین عدالت کی درخواست دائر کی گئی تھی جس میں موقف اختیار کیا گیا کہ نوازشریف نے اعلیٰ عدلیہ کے ججز کے متعلق جو کچھ کہا وہ بادی النظر میں توہین عدالت کے زمرے میں آتا ہے جسٹس عامر فاروق پر مشتمل سنگل بینچ نے درخواست پر فیصلہ محفوظ کیا تھا جسے آج سنایا گیا عدالت نے مسلم لیگ (ن) کے قائد کےخلاف توہین عدالت کی درخواست قابل سماعت قرار دیتے ہوئے سیکرٹری اطلاعات، پیمرا اور پریس کونسل آف پاکستان سے 19 اپریل تک جواب طلب کرلیا۔عدالتی حکم میں کہا گیا کہ آئین کسی کو حق نہیں دیتا کہ ضابطہ اخلاق اور قوانین کی خلاف ورزی کرے۔

loading...