ہفتہ، 10 مارچ، 2018

لاہوری گندا پانی پینے پر مجبور،حکومت نے اربوں روپے میٹرو پر لگا دیئے:چیف جسٹس

لاہوری گندا پانی پینے پر مجبور،حکومت نے اربوں روپے میٹرو پر لگا دیئے:چیف جسٹسلاہور(مانیٹرنگ ڈیسک،نیٹ نیوز) سپریم کورٹ نے 23 مارچ تک صاف پانی کے منصوبوں کے پی سی ون جمع کروانے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے اظہار برہمی کرتے ہوئے کہا لاہور کے شہریوں کو پینے کیلئے گندا اور زہریلا پانی مل رہا ہے، اورنج ٹرین پر اربوں لگا دیئے۔چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی سربراہی میں 3 رکنی بینچ نے سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں آلودہ پانی دریاوں میں پھینکنے کیخلاف از خود نوٹس کیس کی سماعت کی۔ سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ لاہور کے شہریوں کو پینے کیلئے گندہ اور زہریلا پانی مل رہا ہے، اورنج ٹرین پر اربوں روپے لگا دیئے ادھر دھیان نہیں کہ کیا ہو رہا ہے۔چیف جسٹس نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ میں ہسپتالوں میں کیوں نہ جاؤں ؟ کسی نے تو ان لوگوں کا حال دیکھنا ہے۔ عدالت نے 23 مارچ تک صاف پانی کے منصوبوں کے پی سی ون جمع کروانے کا حکم دے دیا ۔ چیف جسٹس پاکستان نے ہدایت کی کہ 31مارچ کو دوبارہ سماعت ہوگی لہٰذا تمام ڈیٹا ریکارڈ پر ہونا چاہئے۔

حکومتی کارکردگی جانچنا عوام کا کام ہے چیف جسٹس کا نہیں:احسن اقبال

حکومتی کارکردگی جانچنا عوام کا کام ہے چیف جسٹس کا نہیں:احسن اقبال نارووال(ٹوئٹر نیوز)وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے کہا ہے کہ انتخابات سے قبل پنجاب حکومت کی کارکردگی کو جانچنا چیف جسٹس کا نہیں بلکہ عوام کا کام ہے۔ وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال نے چیف جسٹس ثاقب نثار کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ عدلیہ کو سیاسی بنانے سے ہمیں اجتماعی نقصان اٹھانا پڑے گا، حکومت کی کارکردگی سے متعلق تنقیدی بیان کا حق صرف سیاسی حریف عمران خان اور آصف زرداری تو رکھ سکتے ہیں لیکن کسی اور کو یہ حق حاصل نہیں ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے پیغام میں انہوں کہا کہ  معزز چیف جسٹس صاحب ! پنجاب حکومت کی کارکردگی کو آئندہ الیکشن سے قبل جانچنا عوام کا کام ہے۔ آپ کس طرح انتخابات سے قبل اس طرح کے بیانات دے سکتے ہیں؟ یہ عدالت ہے یا کوئی سیاسی پارٹی ؟ صرف اپوزیشن جماعتیں حکومت کی کارکردگی پر تنقیدی بیانات دے سکتی ہیں۔واضح رہے کہ چیف جسٹس ثاقب نثار نے لیپ ٹاپ اور ہیلتھ کارڈز اسکیم سمیت دیگر پروجیکٹس پر حکومتی تشہیری مہم کا نوٹس لیتے ہوئے کہا تھا کہ اگر شہباز شریف کو شہرت کی اتنی ہی ضرورت ہے تو تصویریں چھپوانے کے بجائے کام کر کے دکھائیں ، دس برسوں سے ان کی حکومت  ہے لیکن پنجاب میں صاف پانی تک پینے کو میسر نہیں 

loading...