خوش قسمت ہوتے ہیں وہ لوگ جن کی زندگی میں خالق ارض و سما کوئی ایک ایسا لمحہ ، چند گھڑیاں ،دن یا رات لاتا ہے کہ اُس کو قیامت تک امر کر دیتا ہے۔ربِ ذولجلال جب کسی پر اپنا کرم ِخاص فرماتے ہیں تو وہ گمنامی کے اندھیروں سے نکل کر شہرت و عظمت کی ایسی بلندیوں اور رفعتوں سے ہمکنار ہو جاتا ہے قیامت تک اُس کو ایسی لازوال شہرت ملتی ہے کہ جسے زمانے کی گرد یا دن رات کی کروٹیں بھی دھندلا نہیں پاتیں بلکہ گزرنے والا ہر لمحہ اُس کی شہرت میں اضافہ کرتا چلا جاتا ہے ۔لازوال عظمت و شہرت کی ایسی ہی رات بُراق کے حصے میں بھی آئی جب وہ قیامت تک کے لیے امر و زندہ جاوید ہو گیا ۔
رحمتِ دو جہاں محبوب خدا ﷺ کو اِس سنگ و خشت کی دنیا میں آئے ہوئے نصف صدی سے زیادہ عرصہ بیت چکا تھا کہ آسمانوں اور جنت کو دلہن کی طرح سجایا جا رہا تھا قدسی ملائکہ حیران تھے کہ کس کی آمد آمد ہے کہ رنگ و نور کا سیلاب آیا ہوا ہے ہر چیز کو پورے اہتمام سے سجایا جا رہا ہے ۔ہجرت مدینہ سے ایک سال پہلے کی بات ہے جب محبوب خدا سرور کائنات ﷺ ایک رات خواب استراحت فرما رہے تھے کہ رب کعبہ نے جبرائیل امین ؑکو مخاطب کیا اور حکم دیا کہ میں اپنے محبوب سے ملنے کا مشتاق ہوں جاؤ جنت میں براق کو لو اور میرے محبوب ﷺکو عزت و احترام سے میرے پاس لے آؤ جبرائیل امین ؑ نے حکم کی تعمیل کی اور چشم زدن میں وہاں پہنچ گئے بہشت کے مرغزاروں میں چالیس ہزار براق چر رہے تھے ہر براق کی پیشانی پر محمد ﷺ کا نام مبارک چمک رہا تھا ۔جبرائیل ؑ نے جب چاروں طرف نظر دوڑائی تو ایک ایسا براق نظر آیا جو سب سے الگ تھلگ غمگین افسردہ ایک کونے میں سر جھکائے آنسوؤں کے سمندر میں ڈوبا ہوا نظر آیا ۔اُسے کھانے پینے سے کوئی رغبت نظر نہیں آرہی تھی ۔ سید الملائکہؑ اُس کے پاس گئے او ر دریافت فرمایا یہ کیا حال کیا ہوا ہے تو اُداس براق نے عرض کی اے جبرائیل امین ؑ میں نے چالیس ہزار سال پہلے خدائے بزرگ و برتر کے محبوب محمد ﷺ کا نام سنا تھا ۔ اُس دن سے آج تک میں آپؐ ﷺ کے عشق میں مبتلا ہوں ۔ شوق دیدار اتنا بڑھ گیا ہے کہ کھانے پینے کا بھی ہوش نہیں رہا ۔ جبرائیل امین ؑنے غمگین براق کی حالت زار دیکھی تو سرور دو جہاں ﷺکی سواری کے لیے اُسے منتخب کیا کیونکہ اُس میں عشق محمدی ﷺ بدر جداتم موجود تھا ۔ حالانکہ وہاں پر موجود باقی براق بھی شافع محشر ﷺ کے عشق میں مبتلا تھے جبرائیل ؑ نے براق سے کہا چلو تو براق بولا کدھر تو جبرائیل امین ؑ بولے جن کی محبت و عشق میں تم ہزاروں سال سے گرفتار ہو۔ براق کو اپنی سماعت پر یقین نہ آیا کیونکہ اُس کے تصور میں بھی یہ نہ تھا کہ اچانک ایک دن اپنے محبوب ﷺ کا قرب اور دیدار نصیب ہو گا ۔لیکن فخرِ دو عالم محبوب خدا ﷺ کی محبت رنگ لے آئی اور دونوں جہانوں کی نعمتوں سے زیادہ اور بڑی نعمت محبوب ِ خدا ﷺ کا دیدار اور قرب کا موقع ملا براق کی ہزاروں سالوں کی خواہش پوری ہونے جارہی تھی وہ خوشی سے دیوانہ وار جھوم رہا تھا ۔ ہفت املاک سے ماورا سدرۃ المنتہی تک محبوب خدا ﷺ کو براق رفتاری سے لے جانے کے لیے جس سواری کی ضرورت تھی وہ براق ہی ہو سکتا تھا براق گدھے سے بڑا اور خچر سے چھوٹا ایک ایسا چمک دار جانور جو اپنا کھر اپنی نگاہ کے آخری مقام پر رکھتا ہے جبرائیل امین ؑ بمع براق جب بارگاہ ِ دو جہاں ﷺ کی خدمت اقدس میں حاضر ہوئے تو شہنشاہِ دو عالم ﷺ آرام فرما رہے تھے ۔فرستادہ ربانی نے محبوب خدا ﷺ کے پاؤں مبارک کو اپنے کافوری لبوں سے بوسا دیا تو ان کے لمس سے آپ ﷺ نے سرمگیں آنکھوں کو وا کیا تو سامنے سیدالملائکہ ؑ ادباً کھڑے تھے ۔ آقا دو جہاں ﷺ کے بولنے سے پہلے ہی جبرائیل امین ؑ نے عرض کی اے مالک ِ دو جہاں ﷺ ربِ ودود کو آپ ﷺ سے ملاقات کا اشتیاق ہے ۔ جب سرتاج الا نبیاء ﷺ حضرت جبرائیل ؑ کے ہمراہ باہر تشریف تو سامنے دیوانہ مست براق کھڑا تھا ۔ آپ شہنشاہِ دو عالم ﷺ کے عشق اور شوق دیدار میں وہ چالیس ہزار سال سے مثل ماہی بے آب تڑپ رہا تھا ۔ محبوب خدا ﷺ کو دیکھ کر فرط جذبات عشق و محبت براق کی آنکھوں سے خوشی کے آنسوں ساون بھادوں کی طرح برسنے لگے ۔ محبوب خدا ﷺ جب براق پر سوا ر ہو نے لگے تو براق نے ہلکی سی شوخی دکھائی تو جبرائیل امین ؑ نے سرزنش کی اور کہا ۔ اے براق تو نہیں جانتا کہ تجھ پر کون سوار ہو رہا ہے اٹھارا ہزار عالم کے سردار تو براق نے عرض کیا اے وحی الہی کے امین اور جناب قدس کے ایلچی مجھے معاف فر مائیں میں حاجت مند ہوں اور محبوب خدا ﷺ سے ملتمس ہوں ۔ شہنشاہِ دو جہاں نے جب براق کی التجا سنی تو لب لعلین مبارک کو جنبش دی اور فرمایا بتاؤ تاکہ پورا کروں ۔ اے محبوب خدا سرور کائنات سرتاج الا نبیاء ﷺ آج رات میری زندگی کی عظیم ترین رات ہے ۔ میرے جسم کا رواں رواں حالت وجد اور سرشاری میں ہے۔ یہ میری زندگی کا عظیم ترین ساعتیں ہیں جو میں آپ ﷺ کے ساتھ گزاروں گا۔کل روزِ محشر جب فلک پیما ، عالم آراء برق آسا انگشت براق آپ ﷺ کی خدمت میں مامور ہوں گے تو ایسا نہ ہو کہ آپ ﷺ مجھ سے نظر فرما کر اُن کی طرف متوجہ ہوں اور مجھے بیکار چھوڑ دیں ۔ اے شہنشاہِ دو عالم ہادی کون و مکان ، وجہ تخلیق کائنات ، فخر دوعالم ، ساقی کوثر ﷺ مجھ میں اِس بات کی طاقت نہیں میری التجا قبول فرمائیے اور میری رکاب میں قدم مبارک رکھیں ۔ براق کا عشق اور فریاد سن کر مجسمِ رحمت ﷺگویا ہوئے مطمئن رہو روزِ قیامت تم پر ہی سواری کروں گا ۔براق کی صدیوں کی خواہش پوری ہو ئی دل و دماغ میں عشق و محبت کی ٹھنڈی ہوائیں چلنے لگیں ۔ فوراً ادب سے جھک گیا پھر شافع دو جہاں ﷺ براق پر سوار ہو ئے ۔ اور جبرائیل ؑ کی معیت میں بیت المقدس تشریف لائے اور جہاں پرانبیاء اپنی سواریاں باندھتے تھے اُس جگہ براق کو باندھا اور مسجد اقصٰی میں داخل ہو ئے یہاں پر دو رکعت نماز پڑھی اورانبیا ء کی امامت فر مائی یہاں پر حضرت جبرائیل ؑ آپ ﷺ کے بارگاہ مقدس میں تین برتن لائے ایک شراب کا دوسرا دودھ کا تیسرا شہد کا محبوب خدا ﷺ راحتِ انس و جاں ﷺ نے دودھ پسند فرمایا سیدالملائکہ نے عرض کی یا رسول اﷲ ﷺ آپ ﷺ نے فطرت پائی آپ ﷺ کو ہدایت نصیب ہوئی اور آپ ﷺ کی امت کو بھی کیونکہ اگر آپ ﷺ نے شراب پسند فرمائی ہوتی تو آپ ﷺ کی امت گمراہ ہو جاتی اِس کے بعد مالک دو جہاں ﷺ کو بیت المقدس سے آسمان تک لے جایا گیا حضرت جبرائیل ؑ نے دروازہ کھلوایا آپ ﷺ کے لیے دروازہ کھولا گیا ۔
سنن ابو داود میں حدیث پاک ہے ۔سرور دو جہاں ، سرور کائنات ، رحمتِ مجسم ، رحمت للعالمین ، محبوب خدا ، آمنہ کے لال ، شہنشاہ ِ کائنات ، یتیموں کے والی بے سہاروں کا آسرا شافع محشر ، ساقی کوثر ﷺ فرماتے ہیں۔
میرے لیے آسمان کا ایک دروازہ کھولا گیا تو میں نے ایک عظیم الشان نور دیکھا اور حجاب کے پار موتی اور یاقوت کی مسند دکھائی دی ۔