جنت نظیر سحر انگیز قدرتی مناظر سے لبریز وادی ہیلی فیکس (برطانیہ) کا تر کش ریسٹورانٹ 60 سالہ بوڑھے پاکستانی کی ہچکیوں، آنسوؤں اور آہ و بکا سے ماتم کدہ بنا ہوا تھا، ہم سارا دن وادی کے دلفریب دلکش اور سحر انگیز مناظر سے اچھی طرح سے لطف اندوز ہو کر اِس ریسٹورانٹ میں آئے تھے جہاں تین ادھیڑ عمر پاکستانی ہمارا انتظار کر رہے تھے ہم سارا دن برطانیہ کے قدرتی مناظر کے سحر میں ڈوبے رہے اور اب یہاں قدرت ہمیں برطانیہ کا تاریک چہرہ دکھانے لائی تھی کرہ ارض پر بسنے والے ہر شخص کی یہ کوشش اور شدید ترین خواہش ہوتی ہے کہ وہ ایک بار ضرور دیکھے، اِسی جنون کے تحت پوری دنیا کے لوگ ساری عمر برطانیہ آنے کی سر توڑ کوشش کرتے ہیں اور جو یہاں آجاتے ہیں مزدوری اور سیٹلمنٹ میں ایسا مصروف ہوتے ہیں کہ پتہ ہی نہیں چلتا کب بڑھاپے میں داخل ہوئے اور کب اولاد جوان ہوئی اور پھر یہیں سے زندگی کی تلخ حقیقت کا آغاز ہوتا ہے۔بوڑھا پاکستانی میرے سامنے زار و قطار رو رہا تھا اور مجھ سے مدد مانگ رہا تھا، غم کی شدت سے وہ کانپ رہا تھا اُسکی گفتگوبھی بے ربط تھی اور مجھے بلکل بھی پتہ نہیں چل رہا تھا کہ وہ مجھ سے کیا چاہتا ہے اورمیں اُس کی کیا مدد کرسکتا ہوں، وہ مجھ جیسے گناہ گار کو مسیحا سمجھ کر مدد مانگ رہا تھا۔ اِسی دوران اُس کا ساتھی اُٹھ کر اُس کے پاس آیا اور دلاسا دیا پھر میرے کان میں آکر کہا جناب اِس بچارے کی نوجوان بیٹی کسی غیر مسلم کے ساتھ بھاگ گئی ہے اِس نے کئی بار کوشش کی اُسے گھر لانے کی سمجھانے کی لیکن اِس کی بیٹی نے اِس کی ایک نہ سنی، اُس کو گھر سے گئے ہوئے دو سال ہو گئے ہیں اُس نے پولیس میں اپنے باپ کی شکایت کر دی ہے کہ مجھے اپنے باپ سے جان کا خطرہ ہے اِس نے دو بار جانے اور ملنے کی کوشش کی لیکن پولیس نے اِس کو پکڑ کر جیل میں بند کر دیا جب اِس پر جانے کی پابندیاں لگ گئیں تو اس نے بابوں نام نہاد عاملوں کے پاس جانا شروع کر دیا جو کماتا بیچارہ عاملوں اور نجومیوں کو دے دیتا، بہت سارے عاملوں نے اِس کو یہ کہا کہ تم پر اور تمھاری بیٹی پر جادو ہے اس جادو کی وجہ سے تمھاری بیٹی نہیں آرہی اب یہ جہاں بھی کسی بابے نجومی کا سنتا ہے اُس کے پاس اپنے جادو کا علاج کرانے جاتا ہے، اِسی سلسلے میں یہ آپ کے پاس آیا ہے۔پولیس کی وجہ سے یہ ایک سال سے اپنی بیٹی سے ملا نہیں یہ بے چا رہ چاہتا ہے کہ ایک بار اپنی لاڈلی بیٹی سے مل لے تو شاید اُس کو ترس آجائے اب یہ اپنی بیٹی کی تمام آزادیاں اور شرطیں بھی ماننے کو تیار ہے لیکن یہ اپنی بیٹی تک جا نہیں سکتا، آپ اِس کو بیٹی کے پاس لے جائیں پو چھا تو بتایا گیا کہ اِس کے پاؤں میں Tag (کڑا) لگا ہوا ہے یہ جیسے ہی اپنی بیٹی کے علاقے میں جاتا ہے تو پولیس پکڑ لیتی ہے۔ قارئین کی اکثریت Tag یا کڑے سے واقف نہیں ہوگی برطانیہ میں ہر چوتھے یا پانچویں پاکستانی کی ٹانگ میں گورنمنٹ نے کڑا ڈالا ہو تا ہے یہ ایک الیکٹرانک ڈیوائس ہے جس کا دوسرا حصہ پولیس اسٹیشن میں ہوتا ہے، اب یہ مجرم کے پاؤں میں ڈالا جاتا ہے جس کا رابطہ پولیس اسٹیشن میں ہو تا ہے جیسے ہی کڑے والا فرد یا مجرم اُس علاقے میں داخل ہو تا ہے تو پولیس اسٹیشن میں موجود باکس چیخنے لگتا ہے تو پولیس کو پتہ چل جاتا ہے کہ فلاں مجرم فلاں علاقے میں داخل ہو گیا، بعض مجرموں کو پولیس گھر تک محدود کر دیتی ہے اگرکوئی بھولے سے بھی گھر کے باہر پاؤں رکھتا ہے تو پولیس فوری طور پر آکر اُسے لے جاتی ہے۔ برطانیہ میں مقیم پاکستانیوں کی بڑی تعداد اپنی بیٹیوں اور بیویوں کی وجہ سے اِس ظلم اور پابندی کا شکار ہے، بہت ساری بیویوں نے اپنے مظلوم خاوندوں کے پاؤں میں یہ کڑے ڈلوائے ہوئے ہیں باپ یا خاوند اگر بھول کر کبھی اپنی بیوی بچوں کے پاس چلا جائے تو پولیس آکر پکڑ لیتی ہے، مجھے بہت سارے پاکستانی ملے جن کے پاؤں میں کڑے پڑے تھے اُن پر مختلف پابندیاں عائد تھیں مثلا کوئی کہتا سر میں نے رات 8 بجے تک ہر صورت میں گھر جانا ہے میرے پوچھنے پر پتہ چلا کہ اُس کے پاؤں میں کڑا ہے اگر میں8 بجے تک گھر نہ گیا تو پولیس آکر لے جائے گی کچھ ایسے پاکستانی بھی ملے جن کے پاؤں میں پورے برطانیہ کا کڑا تھا یعنی وہ پورے ملک میں آزادی سے گھوم سکتے تھے لیکن جیسے ہی ملک سے نکلنے کی کوشش کریں گے تو ایئرپورٹ یا ٹرین میں جیسے ہی ملک چھوڑنے یا بھاگنے کی کوشش کریں گے تو پولیس آکر جیل بند کر دیتی ہے۔جس کوکڑا لگا ہو تا ہے وہ دوسروں سے چھپاتا ہے مجھے دو سگے بھائی ملے جن کو کڑے لگے ہوئے تھے لیکن دونوں ایک دوسرے کے کڑے سے بے خبر تھے بہت سارے پاکستانیوں کی لڑکیاں گھر چھوڑ کر نوجوانوں کے پاس جو زیادہ تر غیر مسلم ہوتے ہیں چلی جاتی ہیں، سگے بھائی تک نہیں بتاتے کہ اُس کی بیٹی گھر چھوڑ کر جاچکی ہے تقریباً سارے پاکستانی اپنا مکان اپنے نام نہیں رکھتے کیو نکہ طلاق کی صورت میں آدھا مکان بیوی کو مل جاتا ہے پولیس ہمیشہ بیوی کا ساتھ دیتی ہے مجھے کئی پاکستانی خاوند ملے جن کی بیویوں نے انہیں نوکر بنا کر رکھا ہوا تھا بعض بیویاں باقاعدہ اپنے خاوندوں کو مارتی تھیں اور بار بار کہتی تھیں کہ مجھے طلاق دو بے چارے خاوندذلت کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں ورنہ جائیداد سے بھی ہاتھ دھونے پڑیں گے اور پاؤں میں کڑا بھی لگ جائے گا۔برطانیہ کے باپ اور خاوند ذلت اور مجبوری کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں، میرے سامنے بوڑھا باپ تھوڑا سا نارمل ہوا تو اُس نے بے ربط گفتگو سے مجھے یہ سمجھانے کی کوشش کی کہ میری بیٹی بہت اچھی ہے وہ بچپن سے بہت اچھی تھی اُس نے کبھی مجھے تنگ نہیں کیا لیکن بلوغت کے بعد جوانی میں اُس پر میرے رشتہ داروں نے جادو کر دیا ہے اُن کے جادو کی وجہ سے اُس کی دوستی ہندو لڑکے سے ہوگئی جب میں نے اُس کو سمجھانے کی کوشش کی تو اُس نے باپ کی بات ماننے سے انکار کر دیا، بار بار سمجھانے پر بھی جب بیٹی نے باپ کی بات نہ مانی تو نوبت لڑائی جھگڑے پر آگئی لیکن برطانیہ کا مادر پدر آزاد ماحول جہاں چھٹی ساتویں جماعت سے ہی بچوں کو جنسی تعلیم اور طریقے سکولوں میں پڑھائے جاتے ہیں اور ساتھ ساتھ بچوں کو یہ بھی کہا جاتا ہے کہ اگر والدین کسی قسم کی سختی یا مارنے کی غلطی کریں تو فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں، پولیس آکر والدین کو لے جائے گی یا نوجوان بچوں کولے جائے گی بوڑھا باپ بار بار مجھے اپنی بیٹی کی تصویر دکھا رہا تھا کہ میں اُس کو کوئی دم کروں اُس کا جادو اُتاردوں تاکہ بیٹی واپس آجائے باپ کی شفقت اتنی زیادہ تھی کہ وہ گھر سے بھاگ جانے والی بیٹی کو بھی ابھی تک قصور وار ماننے کو تیار نہیں تھا۔کاش برطانیہ اور پاکستان کی بیٹیاں والدین کی محبت اور شفقت کی شدت کو محسوس کر سکیں کہ والدین یہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ اُن کی بیٹی اتنا گھنا ؤنا ظلم کر سکتی ہے ہر باپ اور ماں یہی سمجھتے ہیں کہ اُن کی بیٹی دنیا کی سب سے نیک بیٹی ہے اِس کو کسی بھی غلط بات کا بلکل پتہ نہیں اور پھر جب یہ اجڑے ہوئے باپ غم کا پہاڑ سرپر لادے میرے سامنے آکر التجا ئیں کرتے ہیں تو قسم سے میرا کلیجہ پھٹ جاتا ہے، گھر سے بھاگنے والی بچیاں بلکل بھی دکھ اور زخم سے واقف نہیں ہوتیں جو یہ اپنے والدین کو دے جاتی ہیں والدین بہن بھائی کس طرح رشتہ داروں اور اہل محلہ سے سر چھپاتے ہیں یہ جن پر بیتتی ہے وہی جانتے ہیں، یہ بیٹیاں والدین کو زندہ درگور کرکے آرام سے چلی جاتی ہیں اور والدین بہن بھائیوں کو معاشرے اور طعنوں کے جہنم میں جلنے کے لیے چھوڑ جاتی ہیں۔بوڑھے باپ کے بعد دوسرا پاکستانی الگ لے جا کر ملا تو اُس کی بیٹی بھی گھر سے ایک Message کر کے بھاگ گئی تھیSorry Dad I am going وہ بے چارہ بار بار مجھے اپنی بیٹی کا میسج دکھا رہا تھا کہ وہ سوری کیسے کر گئی ہے پروفیسر صاحب وہ کب آئے گی آجائے گی نہ اور پھر مجھے شدید ترین جھٹکا اُس وقت لگا تھا جب تیسرے پاکستانی نے بھی یہی بات بتائی کہ اُس کی بیٹی بھی گھر سے چلی گئی ہے، جب اِن دونوں کو پتہ چلا کہ پہلا پاکستانی بیٹی کے غم میں پاگل ہو چکا ہے تو یہ اُس کے پاس آگئے میں حیرت اور بے بسی کی تصویر بنا اُن کو دیکھ رہا تھا پھر میں نے فیصلہ کیا کہ بوڑھے باپ کی بیٹی کو واپس لانے کی کوشش کی جائے ۔
ہماری طاقتور آرام دہ جیپ برق رفتاری سے مانچسٹرسے ہیلی فیکس (برطانیہ) کی طرف دوڑ رہی تھی۔ میرا میزبان نور احمدرانجھا دو دن سے میرے تجسس کو ابھار رہا تھا کہ آپ نے سارا برطانیہ دیکھ لیا ہے لیکن میں آپ کو جس وادی میں لے کر جاؤں گا آپ نے ویسی خوبصورت وادی اور پہاڑ اس سے پہلے کبھی نہ دیکھے ہوں گے اور آج وہ ہمیں ہیلی فیکس کی طرف لے کر جا رہا تھا ساتھ ساتھ وہ ہیلی فیکس کے قدرتی مناظر اور خوبصورتی پر روشنی ڈالتا جا رہا تھا کہ یہ تو فروری کا سرد ترین مہینہ ہے گرمیوں میں اگر کبھی ادھر آئیں تو لگتا ہے وادی کے قدرتی حسن اور نظاروں نے پورے برطانیہ کو اپنی طرف کھینچ لیا ہے میرے میزبان کو میری اس کمزوری کا بخوبی پتہ تھا کہ میں خدا اور اس کے قدرتی مناظر کا شروع دن سے ہی دلدادہ ہوں اس لیے وہ میزبانی کا اعلیٰ ترین حق ادا کرتے ہوئے آج ہمیں ہیلی فیکس کی طرف لے جا رہا تھا میں اور میرا دوست نصیر احمد اپنے میزبان کی پرجوش باتوں سے بہت زیادہ متجسس ہو چکے تھے کہ آخر ہیلی فیکس کے نیم پہاڑی علاقے میں کیا خاص بات ہے جو نور احمد دو دن سے اس کی تعریف کئے جا رہا ہے‘ آنے سے ایک دن پہلے جب میں نے فون پر برطانیہ میں مقیم دوستوں کو بتایا کہ کل ہم ہیلی فیکس جائیں گے تو سبھی نے ہی وادی کے حسن کی تعریف کی اور کہا کہ آپ واقعی قدرتی حسن اور مناظر سے لطف اندوز ہوں گے۔ گاڑی کے اندر کا ماحول بہت آرام دہ تھا جبکہ باہر بہت سردی تھی ہماری جیپ برفیلی منجمد ہواؤں کو چیرتی ہوئی آگے بڑھ رہی تھی اور پھر نیم پہاڑی علاقہ شروع ہو گیا۔ ہم پوری طرح تیار تھے کہ آج ہم اس وزٹ کے سب سے خوبصورت علاقے کا نظارہ کریں گے اور پھر اوپر چڑھتے ہوئے جب گاڑی نے اچانک موڑ کاٹا تو واقعی بہت ہی خوبصورت اور دلفریب منظر ہمارے سامنے تھا۔ میں اتنے خوبصورت سرسبز اور نگاہوں کو خیرہ کر دینے والے منظر کیلئے بالکل بھی تیار نہیں تھا‘ میں پرجوش آواز میں بولا گاڑی روکو لیکن میرے میزبان نے میری حالت کو ENJOY کرتے ہوئے کہا نہیں بھائی اصل خوبصورتی تو ابھی آگے ہے اور پھر وادی کے سحر میں کھو ساگیا اور اسی دوران گاڑی نے ایک اور موڑ کاٹا تو ہمارے سامنے پہلے سے بھی خوبصورت منظر تھا منظر کی خوبصورتی نے میرے اوپر وجد کی سی حالت طاری کر دی اور میں تقریباً چیخ پڑا کہ گاڑی روکو ‘میں اتر کر اس منظر کو قطرہ قطرہ انجوائے کرنا چاہتا ہوں لیکن میرے میزبان نے اب بھی رکنے سے انکار کیا اور شرارتی نظروں سے میری طرف دیکھا اور کہا بھائی جان اصل بیوٹی تو آگے ہے ۔میں بار بار گاڑی کو روکنے کا کہہ رہا تھا لیکن وہ گاڑی کو اور اوپر بلندی کی طرف دوڑائے جا رہا تھا اور پھر جب ہم ایک بڑا موڑ کاٹ کر پہاڑ کی دوسری طرف پہنچے تو میری آنکھوں کے سامنے میلوں دور تک پھیلی نیم پہاڑیوں کی وادی دعوت نظارہ دے رہی تھی اب میرے صبر کا پیمانہ لبریز ہو گیا۔ میں نے اسٹیرنگ پر ہاتھ رکھا اور حکمیہ انداز میں تقریباً چیختے ہوئے کہا کہ خدا کے لیے اب گاڑی روک دو میرے میزبان نے سڑک کنارے گاڑی روک دی اس کے چہرے پر فاتحانہ مسکراہٹ تھی وہ فاتحانہ اور مغرور شرارتی نظروں سے میری طرف دیکھ رہا تھا اس کے چہرے پر داد طلب تاثرات واضح نظر آ رہے تھے۔ میں اس کو نظرانداز کرتے ہوئے دروازہ کھول کر نیچے کود گیا۔ وادی کے غیر معمولی دلکش ‘ مسحور کن اور دلفریب حسن نے میرے اوپرحالت وجد طاری کر دی تھی۔ میں عالم مدہوشی میں باہر کی منجمد سردی کی پرواہ نہ کرتے ہوئے بادلوں سے بھرے آسمان کے نیچے کھڑا تھا ہلکی ہلکی بارش نے سردی کی شدت میں اور بھی اضافہ کر دیا تھا۔ سرسبز پہاڑی سلسلے بچپن سے میری کمزوری رہے ہیں۔ اپنی کمزوری کے تحت میں نے بارہ سال ملکہ کوہسار مری میں گزارے۔ کشمیر گلگت اور تقریباً پاکستان کے تمام پہاڑی علاقوں کو میں بار بار دیکھ چکا ہوں۔ میں شروع سے ہی خالق ارض و سما کے دلکش نظاروں کا دیوانہ رہا ہوں۔ میرا دل ہمیشہ سے کرتا ہے کہ میں خدا کی بنائی ہوئی اس خوبصورت ترین زمین کو مختلف زاویوں سے دیکھوں تاکہ عشق الہٰی میں اور شدت پیدا ہو سکے‘ دنیا میں تقریباً دس ہزار سے زیادہ دلکش ایسے مناظر ہیں کہ ہر نظارہ آپ کو اپنے سحر میں جکڑ لیتا ہے۔ کائنات کا چپہ چپہ ایسے دلکش مسحور کن مناظر سے بھرا پڑا ہے۔ کائنات کا حسن ترتیب‘ تنوع اور سحر انگیز مناظر اپنی خوبصورتی اور دلکشی سے یہ پیغام دیتے ہیں کہ کائنات کسی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ بہت بڑے خالق نے اس کو یہ حسن بخشا ہے۔ کائنات ایسے ایسے مناظر سے مالا مال ہے کہ ہر منظر آپ کو اپنے سحر میں لے کر خالق کی موجودگی کا احساس دلاتا ہے میرے سامنے بھی ایسا ہی دل کش منظر تھا۔ دور تک خوبصورت وادی اس طرح کہ ریشمی مخملی گھاس کی خوبصورت قاشیں کاٹ کر بہت خوبصورت طریقے سے سجا دی گئی ہوں۔ وادی میں مختلف جگہوں پر پرانی برف کی ڈھیریاں اس کے حسن کو چار چاند لگا رہی تھیں درمیان سے ندی یا دریا کا گزرنا ماحول کو دو آتشہ کر رہا تھا۔ وادی کا اتار چڑھاؤ دلکش سحر انگیز لہروں کے روپ میں ڈھلا ہوا تھا لگ رہا تھا قدرت کے ہاتھوں نے بہت بڑا پیالہ اس میں خوبصورتی بھر کر اس زمین پر رکھ دیا ہو‘ درمیان میں ندی نالے اور جھرنے اور بھی سحر پیدا کر رہے تھے اور اچانک میری نظر بھیڑوں پر پڑی جو دنیا و مافیہا سے بے پروا موسم پوری رعنائی کے ساتھ جلوہ گر تھا۔ حیرت اس بات کی تھی کہ فرنگی ملحد بھی ایسے مناظر کو دیکھ کر یہ سوچنے پر مجبور ہو جاتا ہے کہ اتنی دلکشی اور ترتیب کسی حادثے کا نتیجہ نہیں بلکہ اس کو لازوال حسن بخشنے والا ایک خدا ہے۔ جو اپنی کن فیکون کی قوت کے تحت ایسے سحر انگیز مناظر انسانوں کے لیے پیدا کرتا ہے تاکہ انسان غور وفکر کے بعد خالق کے ہونے کا یقین کر لے۔ میں وادی کے مسحور کن حسن کا ایسا اسیر ہو کر رہ گیا تھا کہ میں نے اپنے ساتھیوں سے کہا کہ مجھے کچھ وقت کیلئے بالکل نہ چھیڑا جائے اور پھر میں نے پیدل چلنا شروع کر دیا چلتے چلتے ایک جگہ بیٹھ گیا میں اس کے حسن کو قطرہ قطرہ انجوائے کر رہا تھا۔ میری آنکھیں اور دماغ وادی کے لازوال اور دلکش ترین حسن سے لطف اندوز اور روشن ہو رہے تھے کیونکہ میں بھی عشق الہٰی کا مسافر ہوں۔ اس لیے خدائے بزرگ و برتر کی بنائی ہوئی ہر خوبصورت چیز سے بھی پیار ہوجاتا ہے۔ وادی کا چپہ چپہ خدا کے ہونے کا یقین دلا رہا تھا چاروں طرف اﷲ کے ہونے کا پیغام گونج رہا تھا ‘میں مست اور مدہوش تھان پتہ نہیں کتنی دیر میں مبہوت ہو کر مناظر کو بار بار دیکھتا رہا‘ خدا کی فیاضی کا شکر گزار بھی کہ اس مالک بے نیاز نے انسان کو کیسی کیسی لازوال نعمتوں سے نوازا ہے اور پھر تیز بارش شروع ہو گئی تو مجبوراً دوڑ کر گاڑی میں جانا پڑا۔ گاڑی کے گرم اور آرام دہ ماحول میں آیا تو میزبان بولا بھائی جان برمنگھم سے تین افراد ہماری تلاش میں ہی ادھر آئے ہوئے ہیں جو آگے ترکش ریسٹورنٹ میں ہمارا انتظار کر رہے ہیں۔ وہ بہت مجبور اور پریشان ہیں اس لیے میں نے انہیں کہا کہ وہ ترکش ہوٹل میں ہمارا انتظار کریں ۔ اب ہماری جیپ ترکش ریسٹورنٹ کی طرف بھاگ رہی تھی جہاں برطانیہ کے تین مظلوم اور بے بس باپ شدت سے ہمارا انتظار کر رہے تھے۔