ہفتہ، 31 مارچ، 2018

چودھری نثار نے ن لیگ چھوڑنے کا اشارہ دے دیا

چودھری نثار نے ن لیگ چھوڑنے کا اشارہ دے دیا اسلام آباد(مانیٹرنگ) سابق وزیرداخلہ چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) سے رشتہ اور ناطہ قائم رکھنا چاہتا ہوں لیکن پارٹی کو گھر کی لونڈی بنایاگیا تو شاید پارٹی سے بھی رشتہ نہ رہے۔نجی نیوز چینل ایکسپریس نیوز کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے چودھری نثار علی خان نے کہا کہ 34سال سے نواز شریف اور سینئر اکابرین سے مل کر پارٹی کی داغ بیل رکھی تاہم اب میاں نواز شریف سے وہ روابط نہیں اور وہ سلسلہ شاید نہیں جو مسلم لیگ (ن) سے ہے، میرے ٹکٹ کا فیصلہ پارٹی نے کرناہے نہ کسی پارلیمانی بورڈ نے میں نے الیکشن کس پارٹی کے پلیٹ فارم سے لڑناہے یہ فیصلہ میں نے کرناہے اور بہت جلد یہ فیصلہ کروں گا کہ کس پلیٹ فارم سے الیکشن لڑوں۔

چودھری نثارعلی خان نے کہا کہ عمر ان خان سے میری ذاتی دوستی رہی ہے سیاسی تعلق نہیں رہا اور گزشتہ ساڑھے 3سال سے عمران خان سے براہ راست یا بلواسطہ کوئی رابطہ نہیں، عمران اور زرداری کا سیاسی طورپر ہاتھ ملانا اچھا شگون ہے جب کہ میری اور آصف زرداری کی سیاست بہت مختلف ہے اگر نظریات ملتے ہوں تو ایک جگہ بیٹھنے میں کوئی مسئلہ نہیں۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما کا کہنا تھا کہ شہباز شریف کے لندن قیام سے متعلق غلط فہمیاں پھیلائی جارہی ہیں،شہباز شریف صرف اپنی خرابی صحت کی وجہ سے لندن میں موجود ہیں جب کہ مجھے خدشہ ہے شہبازشریف کو کام کرنے کا مینڈیٹ اور گنجائش نہیں دی جائے گی، پارٹی صدارت کے بعد انھیں کام کرنے کا مینڈیٹ دیاگیا تو کئی امور میں بہتری آ سکتی ہے۔

وزیراعظم اور چیف جسٹس کی ملاقات پر ردعمل دیتے ہوئے چودھری نثار نے کہا کہ چیف جسٹس اور وزیراعظم کی ملاقات سے ابہام دور نہیں ہوئے بلکہ اضافہ ہوا،ملاقات کا مقصد اگر اداروں میں نرمی پیدا کرنا تھا تو میں ایک سال سے یہی بات کررہا ہوں اگر یہ راستہ اختیار کرلیا جاتا تو اس ملاقا ت کی ضرروت نہ پڑتی جب کہ حکومت اور سپریم کورٹ شکوک شبہات دور کرنے کے لیے مل کر قدم اٹھانا چایئے۔چودھری نثار نے وزیراعظم کے دورہ امریکا کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کی امریکی نائب صدر سے ملاقات کامقصد منفی امریکی بیانیہ کی تشہیر ہے مجھے وزیراعظم اور امریکی نائب صدر کی ملاقات کا مقصد سمجھ نہیں آیا، ہمیں امریکی حکام کو یہ موقع نہیں دینا چاہیے کہ وہ ہماری قیادت کو لیکچر دیں اوریکطرفہ مسلط کردہ امریکی بیانیہ کی حوصلہ شکنی ہونی چاہیے۔

مجبوراًمداخلت کرتا ہوں،ٹیک اوور کا ارادہ نہیں:چیف جسٹس

مجبوراًمداخلت کرتا ہوں،ٹیک اوور کا ارادہ نہیں:چیف جسٹسکراچی (مانیٹرنگ)چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے نے ریمارکس دیئے ہیں کہ میں مداخلت کا تصور نہیں رکھتا لیکن ہمیں مجبوری میں مداخلت کرنا پڑتی ہے۔چیف جسٹس نے مظہر عباس سے استفسار کیا کہ کیا آپ سمجھتے ہیں کہ میں ٹیک اوور کے چکر میں ہوں، جس پر سینئر صحافی نے کہا جو کام حکومت کو کرنے چاہیے تھے وہ آپ کر رہے ہیں۔سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں چیف جسٹس پاکستان کی سربراہی میں مٹھی، تھرپارکر میں 5 بچوں کی ہلاکت سے متعلق معاملے کی سماعت ہوئی۔سماعت کے آغاز پر سیکرٹری صحت نے بچوں کی ہلاکت سے متعلق رپورٹ پیش کی اور بتایا کہ کم عمر میں شادی اور زائد بچوں کی پیدائش وجہ اموات ہے جب کہ  ڈاکٹرز مٹھی تھرپارکر جیسے اضلاع میں جانے کو تیار نہیں۔

سیکرٹری صحت کی رپورٹ پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ رپورٹ سے لگتا ہے آپ کا قصور ہی کوئی نہیں، لکھ کہ جان چھڑا لی کہ کم وزن والے بچے مرجاتے ہیں، سندھ میں صحت کے بہت مسائل نظرآرہے ہیں، سیکرٹری صاحب آپ کسی اور محکمے میں خدمت کے لیے کیوں نہیں چلے جاتے۔سیکرٹری صحت نے عدالت کو بتایا کہ بچوں کی 50 فیصد اموات نمونیہ اور ڈائریا سے ہوتی ہے جب کہ اس موقع پر ایڈووکیٹ جنرل نے عدالت میں کہا کہ مٹھی میں بہترین اسپتال بنادیا اور تھر میں مفت گندم تقسیم کرتے ہیں۔

جسٹس سجاد علی شاہ نے ریمارکس دیئے کہ سب معلوم ہے کتنی گندم مفت تقسیم ہوئی، سب کرپشن کی نذر ہو گیا۔چیف جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ لاڑکانہ اسپتال کی ویڈیو دیکھ کرشرم آرہی ہے، سوچ رہا ہوں خود لاڑکانہ جاؤں۔عدالت میں سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی بھی موجود تھے، چیف جسٹس نے انہیں مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ رضا ربانی بیٹھےہیں، آپ ہماری مدد کریں، آپ خود دیکھ کرآئیں،اسپتال میں کیا ہورہا ہے، پھول جیسے بچے والدین کے بعد سرکاری اسپتالوں کے مرہون منت ہیں، بچہ اسپتال میں داخل ہوتا ہے اور تھوڑی دیر بعد لاش تھما دی جاتی ہے، والدین کے پاس رونے کے سوا کچھ نہیں رہ جاتا۔

چیف جسٹس نے رضا ربانی سے مکالمہ کیا کہ میں مداخلت کا تصور نہیں رکھتا، لاڑکانہ کے اسپتال کی ویڈیو دیکھی، بہت دکھ ہوا، رضا ربانی صاحب آپ وہ ویڈیو بھی دیکھیں۔چیف جسٹس نے ایڈووکیٹ جنرل سے استفسار کیا کہ لاڑکانہ کتنی دور ہے، یہاں سے کتنا فاصلہ ہے۔ ایڈووکیٹ جنرل نے بتایا کہ بذریعہ جہاز ایک گھنٹے میں لاڑکانہ پہنچ سکتے ہیں، اس پر جسٹس ثاقب نثار نے کہا کہ دیکھتے ہیں کیا خود لاڑکانہ جاکر اسپتال کا جائزہ لوں۔

چیف جسٹس پاکستان نے استفسار کیا کہ ادویات فراہم کرنا کس کا کام ہے؟ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں انسنریٹرکس کے حکم پرلگ رہے ہیں۔سیکرٹری صحت نے بتایا کہ یہ کام اور پیش رفت آپ کے حکم پر ہو رہی ہے، اس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ پھر کہتے ہیں کہ ہم بیوقوف ہیں جو ایگزیکٹو کے کام میں مداخلت کرتے ہیں،  ہمیں مجبوری میں مداخلت کرنا پڑتی ہے۔سماعت کے موقع پر ڈاکٹرز کی بڑی تعداد عدالت میں موجود تھی جنہوں نے کہا کہ محکمہ صحت میں بڑی کرپشن ہے، آپ محکمہ صحت پر کرپشن کی جانچ کے لیے جے آئی ٹی بنائیں۔ چیف جسٹس نے ڈاکٹروں کی درخواست پر کہاکہ یہ اہم معاملہ ہے، بریک کے بعد مزید سماعت کریں گے۔

loading...