اتوار، 1 اپریل، 2018

گاڈ فادر اور ڈان نے لاہور میں بڑی تباہی کی:عمران خان

گاڈ فادر اور ڈان نے لاہور میں بڑی تباہی کی:عمران خانلاہور(حرمت قلم رپورٹنگ،مانیٹرنگ ) چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کا کہنا ہے کہ نیب فیصلے کا وقت قریب آتے ہی حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھ رہی ہے جبکہ آخری ماہ میں گلیاں نالیاں پکی کرکے اگلے 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے۔لاہور میں پی ٹی آئی کی ممبرسازی کیمپ میں خطاب کرتے ہوئے چیرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ نوازشریف کہتے ہیں انہیں خیبر پختونخوا میں ترقی نظرنہیں آ رہی دراصل نوازشریف کی نظر پاناما کیس کی وجہ سے نظر کمزور ہوگئی اور اگر پختونخوا کی پولیس بہتر نہ ہوتی تو نوازشریف سوات میں تقریر نہیں کرسکتے۔ انہوں نے کہا کہ 2018 کا الیکشن ہونے والا ہے جو ملک کی تقدیر بدلے گا جب کہ بڑے گاڈ فادر اور چھوٹے ڈان نے لاہور میں بڑی تباہی کی، دونوں شریفوں کو بتاؤں گا کہ انہیں کیوں نکالا جب کہ 29 اپریل کو مینار پاکستان میں تاریخی جلسہ کروں گا۔

دوسری جانب عمران خان نے سندھ میں پیپلزپارٹی مخالف اتحاد بنانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ عام انتخابات میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور اگلے الیکشن میں پاور فل امیدوار لائیں گے۔ انہوں نے ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف سپریم کورٹ جانے کا اعلان بھی کیا، ان کا کہنا تھا کہ اخری دنوں میں ترقیاتی فنڈز کے غلط استعمال کے خلاف سپریم کورٹ جا رہے ہیں۔اس سے قبل لاہور میں ہی صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان نے کہا کہ انتخابات میں عدلیہ کا اہم کردار ہوگا، وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی اب چیف جسٹس میاں ثاقب نثار سے جتنی چاہیں ملاقاتیں کرلیں لیکن کوئی فائدہ نہیں، شریف اقتدار میں ہوں تو ان سے بڑا ظالم کوئی نہیں ہوتا جبکہ مشکل میں پڑنے پر ان سے بڑا گیدڑ کوئی نہیں ہوتا، ہر فرعون کے جانے کا وقت ہوتا ہے، اب بڑے اور چھوٹے دونوں فرعونوں کے جانے کا وقت آگیا ہے، الیکشن میں کسی سے اتحاد نہیں کریں گے اور طاقتور امیدوار لائیں گے جبکہ سندھ میں پیپلز پارٹی مخالف اتحاد بنائیں گے۔

علاوہ ازیں سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اظہارِ خیال کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ  خبردار ہوشیار اقتدار کے آخری 4 ماہ میں گلیاں اور نالیاں پکی کرکے آئندہ 5 سال پکے کرنے کا موسم آگیا ہے، شریفوں کا ترقیاتی کاموں کا انداز بھی یہی ہے۔ عمران خان نے ایک  تحریر کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ یہ تحریر واضح کرتی ہے کہ پنجاب کے ہر محکمے میں پھیلی بدعنوانی کی قیمت زیادہ نرخوں کی صورت میں عوام سے کیسے وصول کی جاتی ہے ۔ انہوں نے اپنی پوسٹ میں کارٹون بھی ٹویٹ کیا۔بعدازاں تحریک انصاف کے مرکزی ترجمان فواد چوہدری نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں مختلف سیاسی امور پر بات چیت کی گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ جیسے جیسے نیب کے فیصلے کا وقت آرہا ہے حکمرانوں کی بوکھلاہٹ بڑھتی جارہی ہے اور فیصلے سے قبل حکمرانوں نے اداروں کے خلاف محاذ آرائی تیز کردی ہے لیکن عوام اداروں کے خلاف حکمرانوں کی جنگ برداشت نہیں کرے گی۔


الزام خان فارغ ہونیوالا ہے:نواز،کے پی کے میں کچھ نہیں ہوا:مریم

الزام خان فارغ ہونیوالا ہے:نواز،کے پی کے میں کچھ نہیں ہوا:مریم  سوات(مانیٹرنگ،نیٹ نیوز)سابق وزیراعظم نواز شریف نے عمران خان کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ الزام خان فارغ ہونے والا ہے خیبرپختونخوا میں ہماری حکومت ہوگی،کے پی کے عوام کو پیشگی مبارکباد دیتا ہوں،عمران خان نے 5 سال میں خیبر پختونخوا میں تو کچھ نہیں کیا لیکن اپنی اے ٹی ایم مشین جہانگیر ترین کی دولت ختم کر دی،عمران خان ہمارا ساتھ دیتے تو ہم انہیں ساتھ لیکر چلتے لیکن انہوں نے تو گالم گلوچ کی سیاست کی، خیبر پختونخوا کے عوام سے کہتا ہوں کہ آئندہ ایسے شخص پر کبھی اعتبار مت کرنا، اگر تم نے ترقی دیکھنی ہے تو پنجاب اور لاہور آؤ،عمران خان کی سیاست پر افسوس ہےکیونکہ انہوں نے 5 سال دھرنوں، الزامات اور جھوٹ بولنے میں گنوائے ہیں ، عمران خان نے آف شور کمپنی کو مانا لیکن اسے نہیں نکالا گیا، نواز شریف کے خلاف ایک پیسے کی کرپشن ثابت نہیں ہوئی لیکن بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر نکال دیا گیا،عمران خان تو اس قابل بھی نہیں کہ ایک ضلعے سے بھی الیکشن جیتے، اگر وہ حکومت بنا لیتے تو پتہ نہیں پاکستان کا کیا حال ہوتا،عمران خان میٹرو بس کو جنگلا بس کہتے تھے اور اب وہی بس انہوں نے پشاور میں شروع کر دی ہے، لاہور کی میٹرو بس پر 50 ارب روپے اور راولپنڈی کی میٹرو بس پر 41 ارب روپے کے لگ بھگ خرچ ہوئے لیکن پشاور میٹرو بس پر 71 ارب روپے خرچ ہو رہا ہے، یہ لوگ قوم کا پیسہ ہڑپ کر رہے ہیں

 جبکہ اسی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم سے انتقامی فیصلوں کے احترام کی توقع نہ رکھی جائے، فیصلے اتنے ہی سچے ہوتے تو آپ کو توہین کا خوف نہیں ہوتا،کبھی کہتے ہیں نواز شریف اداروں سے تصادم کرتے ہیں، کبھی کہتے ہیں ڈیل کررہے ہیں، تمہاری کون سی بات درست ہے، ہمیں ڈیل کی ضرورت نہیں بلکہ دلیل کی ضرورت ہے جہاں بتایا جائے کہ الزام میں صداقت ہے، زرداری اور عمران جس جھنڈے کے نیچے اکٹھے ہوئے وہ عوام کا نہیں، سینیٹ انتخاب میں عمران نے زرداری کے قدموں میں ووٹ کی پرچی رکھ دی، آپ کے ووٹ کے خلاف سازش میں عمران خان اور کے پی کے حکمران مہرہ بن کر استعمال ہو رہے تھے،الزام خان کی حکومت نے کے پی کے میں کچھ نہیں کیا، خیبر پختونخوا کے حکمرانوں نے عوام کو جھوٹے وعدوں کے سوائے اور کچھ نہیں دیا، ووٹ کوعزت دو کے بیانیے پر سوات کی عوام نے بھی مہر لگا دی ہے،مخالفین کہہ رہے ہیں کہ نواز شریف کا بیانیہ بہت مقبول ہو گیا ہے، یہ بیانیہ حق اور سچ کا بیانیہ ہے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھانے کا بیانیہ ہے، وہ مشرف جس نے ملک کا آئین توڑا، ایک منتخب وزیراعظم کو برطرف کر کے ہتھکڑیاں لگائیں اور کمر کے درد کا بہانہ بنا کر آرام سے ملک سے فرار ہو گیا۔

loading...