جمعہ، 6 اپریل، 2018

مسائل مذاکرات سے ہی حل کریں گے:پاک افغان اتفاق

مسائل مذاکرات سے ہی حل کریں گے:پاک افغان اتفاق
کابل(نیٹ نیوز)وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر اشرف غنی سے کابل میں ملاقات کی ہے جس میں پاک افغان مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔نجی ٹی وی ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی افغانستان کے صدر اشرف غنی کی دعوت پر ایک روزہ دورے پر کابل پہنچے۔ اس موقع پر وزیر خارجہ، وزیر داخلہ، سیکریٹری خارجہ اور قومی سلامتی کے مشیر سمیت گورنر خیبر پختونخوا بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔ افغان صدارتی محل میں وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

’’پاک افغان قیادت میں خوشگوار ماحول میں بات چیت‘‘
بعد ازاں وزیراعظم نے افغان صدر سے وفود کی سطح پر ملاقات کی، جس میں سیکیورٹی معاملات، انسداد دہشت گردی، افغان پناہ گزینوں کی واپسی، منشیات کی پیداوار کے خاتمے، افغان امن عمل اور دوطرفہ تعلقات کی مضبوطی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔ پاک افغان قیادت کے درمیان خوشگوار ماحول میں بات چیت ہوئی اور دونوں رہنماؤں نے علاقائی سلامتی کے مشترکہ اہداف کے حصول پر اتفاق کیا۔

’’پاکستان کا افغانستان کو 40 ہزار ٹن گندم بطور تحفہ دینے کا اعلان‘‘
ترجمان وزیراعظم ہاوٴس نے ملاقات سے متعلق جاری اعلامیے میں بتایا ہے کہ وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے افغان صدر اشرف غنی سے ون ٹو ون ملاقات بھی کی جس میں دونوں ممالک کے درمیان رابطوں کو بہتر بنانے، مسائل مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر اتفاق کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان نے افغانستان کو 40 ہزار ٹن گندم بطور تحفہ دینے اور افغان بر آمدات پر اضافی ریگولیٹری ڈیوٹی ختم کرنے کا اعلان کیا جب کہ وفود کی سطح پر مذاکرات کے دوران پاک افغان تعلقات، افغانستان میں مفاہمتی عمل، مہاجرین کی واپسی سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

’’وزیر اعظم کی افغانستان میں قیام امن کیلیے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش‘‘
وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی نے افغانستان میں قیام امن کے لیے طالبان کو مذاکرات کی پیشکش اور مفاہمتی عمل سے متعلق افغان صدر کے ویژن کو سراہا۔ دونوں رہنماوٴں نے طالبان پر زور دیا کہ امن کے قیام کے لیے وہ کسی تاخیر کے بغیر مذاکراتی عمل میں شامل ہوں۔ دونوں رہنماوٴں نے دو طرفہ اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کے لیے مشترکہ اقتصادی کمیشن کا اجلاس جلد بلانے ، وسطی ایشیائی ریاستوں تک رسائی اور توانائی کے منصوبوں کی جلد تکمیل کے حوالے سے بھی منصوبہ بندی پر اتفاق کیا۔ترجمان کے مطابق ملاقات میں شمن قندھار ریلوے لائن، پشاور کابل موٹر وے کے حوالے سے امور بھی زیر غور آئے، دونوں رہنماوٴں نے چارملکی گیس پائپ لائن تاپی اور بجلی کی فراہمی کے منصوبے کاسا ایک ہزار کی جلد تکمیل پر بھی زور دیا۔

’’وزیراعظم کی گل بدین حکمت یار سے ملاقات‘‘
ترجمان نے مزید بتایا کہ وزیر اعظم نے افغان چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر عبد اللہ عبداللہ سے بھی ملاقات کی اور دونوں ممالک کے درمیان قیدیوں کے تبادلے اور قونصلر معاملات پر بات چیت شروع کرنے پر اتفاق کیا۔ دونوں ملاقاتوں میں وزیر اعظم نے افغان صدر اور چیف ایگزیکٹو کو پاکستان کے دورے کی دعوے بھی دی۔ دریں اثنا وزیراعظم نے افغانستان کے مذہبی رہنماوٴں گل بدین حکمت یار، استاد محمد محقق، استاد کریم خلیلی اور پیر سید حامد گیلانی سے بھی ملاقاتیں کیں۔

غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونی کارروائیاں،مزید 35شہید،250سے زائد زخمی

غزہ میں اسرائیلی فوج کی خونی کارروائیاں،مزید 9شہید،250سے زائد زخمی
غزہ (نیٹ نیوز)غزہ کی سرحد میں احتجاج کرنے والے ہزاروں فلسطینیوں کے خلاف اسرائیلی فورسز کی تازہ کارروائیوں اور فائرنگ سے مزید 35 افراد جاں بحق اور 250 سے زائد زخمی ہوگئے۔فلسطینی وزارت صحت کے مطابق غزہ سٹی کے مشرقی علاقے میں اسرائیلی فورسز کے ساتھ تازہ جھڑپوں کے دوران کی گئی فائرنگ میں 38 سالہ شادی شبات جاں بحق ہوئے جبکہ صبح کے اوقات میں خان یونس کے علاقے میں ایک اور فلسطینی کو مارا گیا تھا۔اے ایف پی کی رپورٹ کے مطابق وزارت صحت کا کہنا تھا کہ تازہ کارروائیوں میں ایک ہزار 70 افراد زخمی ہو گئے ہیں جن میں 293 افراد براہ راست گولیوں کا نشانہ بنے ہیں اور 25 زخمیوں کی حالت تشویشناک ہے۔

وزارت صحت کے مطابق زخمیوں میں 12 خواتین اور 48 کم عمر افراد بھی شامل ہیں۔اسرائیلی فورسز کی تازہ کارروائیوں کے بعد فلسطین میں گزشتہ ایک ہفتے کے دوران ہلاکتوں کی تعداد 29 تک پہنچ گئی ہے جس میں 23 مظاہرین کے علاوہ شہری بھی شامل ہیں، اس سے قبل گزشتہ ہفتے ایک ہی دن میں 19 فلسطینیوں کو ہلاک کیا گیا تھا جس کو 2014 کے بعد خونی ترین دن قرار دیا گیا تھا۔

loading...