ہفتہ، 7 اپریل، 2018

وزیراعظم کا ایمنسٹی سکیم پر تنقید کرنے والوں کو چیلنج

وزیراعظم کا ایمنسٹی سکیم پر تنقید کرنے والوں کو چیلنج خاران(مانیٹرنگ ) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ ٹیکس ایمنسٹی اسکیم پر تنقید کرنے والوں کو کھلا چیلنج کرتا ہوں کہ وہ اپنے ٹیکس کےبارے میں بتائیں اور دعوے سے کہتا ہوں کوئی شخص تنقید کے قابل نہیں ہوگا۔وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے خاران میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں کہیں بھی جائیں اور اسکیم دیکھیں وہاں نوازشریف اور(ن) لیگ کی اسکیم ملے گی، ہمیشہ سوال کرتا ہوں کہ کیا یہ وسائل پہلے نہیں تھے اور پہلے حکومتیں نہیں تھیں، ملک میں آمریت اور دوسری حکومتیں رہیں لیکن کوئی کام نظر نہیں آتا۔انہوں نے کہا کہ نوازشریف ترقی کا دوسرا نام ہے، ملک میں ترقی ہوتی رہے گی، (ن) لیگ نے ثبوت دیا ہےکہ حکومتی وسائل وہاں خرچ ہونے چاہئیں جہاں زیادہ ضرورت ہے، اس وقت 1500 کلو میٹر سڑکیں بلوچستان میں بن رہی ہیں، ہزاروں کلو میٹر مکمل ہوچکی، یہ منصوبے صوبے کو ہمیشہ کے لیے ترقی دیں گے۔

ویراعظم کا کہنا تھا کہ ترقی جھوٹے وعدوں سے نہیں ہوتی، ترقی سوچ سمجھ کر کی جاتی ہے، (ن) لیگ نے ثابت کیا کہ وہ ترقی کے لیے کام کرنے والی جماعت ہے، اگر پاکستان میں عوام کے ووٹ سے یہی لیڈر شپ رہی جو ملک سے مخلص ہے اور عوامی مسائل حل کرنا چاہتی ہے، تو وہ وقت دور نہیں جب بلوچستان پاکستان کا امیر ترین صوبہ ہوگاکیونکہ اس حکومت نے جتنی کوشش بلوچستان کے لیے کی اس کی ماضی میں کوئی مثال نہیں۔شاہد خاقان عباسی نے کہاکہ ملک میں امن کی ضرورت تھی، ہم نے سیاسی طور پر سب کو اکٹھا کیا، فوج نے پوری جرات سے مقابلہ کیا، ہمارے ہزاروں جوان شہید ہوئے لیکن اس کا اثر یہ ہے کہ آج پورے پاکستان میں امن ہے۔

ان کا کہنا تھا ایک فیصلہ جولائی میں آپ کے پاس آئے گا وہ اگلے پانچ سال کے لیے ملک کی تقدیر کا فیصلہ ہوگا، آج سیاست میں عوام سے کوئی چیز ڈھکی چھپی نہیں، عوام جانتے ہیں سیاست کا کیا معیار ہے، ایک طرف (ن) لیگ کی سچ اور خدمت کی سیاست ہے، دوسری طرف گالیوں اور جھوٹ کی سیاست ہے، اگر عوام کو گالیوں کی سیاست چاہیے تو وہ لوگ موجود ہیں، اگر سچ کی سیاست چاہیے تو وہ لوگ بھی موجود ہیں، آج بدقسمتی ہے کہ گالیاں دینے والے اس حد کو پہنچ گئے کہ ان کی گالیاں ختم ہوگئیں لیکن عوام سے پذیرائی نہیں ملی، اب کرائے کے گالیاں دینے والے لائے ہیں، ایسے لوگوں کو بتانا چاہتا ہوں گالیوں کی سیاست کو عوام رد کرچکے، اب جولائی میں بھی رد کریں گے، پاکستان میں جہوریت ہے اور رہے گی۔

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان جیل سے رہا،7مئی کو پھر پیشی

بالی وڈ سپر سٹار سلمان خان جیل سے رہا،7مئی کو پھر پیشی
جودھپور(نیٹ نیوز)کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سزا یافتہ بالی وڈ اسٹار سلمان خان ضمانت کے بعد جیل سے رہا ہوچکے ہیں جہاں سے وہ خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئی روانہ ہوگئے۔سلمان خان کو 2 روز عدالت کی جانب سے 5 سال قید اور 10 ہزار جرمانے کی سزا سنائی گئی تھی جس کے فوری بعد ان کے وکلاء نے سزا پر ضمانت کے لیے درخواست دائر کی تھی۔عدالتی فیصلے کے بعد دبنگ خان کو سینٹرل جیل منتقل کیا گیا تھا جہاں انہوں نے 2 راتیں گزاریں لیکن اب عدالت نے ان کی درخواست ضمانت منظور کرلی ہے۔عدالت نے سلمان خان کی درخواست ضمانت پر 25، 25 ہزار کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے سلمان خان کو بغیر اجازت ملک چھوڑنے پر پابندی عائد کردی ہے اور انہیں 7 مئی کو پیش ہونے کا بھی حکم دیا ہے۔سلمان خان کو عدالتی فیصلے کے بعد جودھ پور کی سینٹرل جیل سے رہا کردیا گیا ہے جہاں سے انہیں سخت سیکورٹی حصار میں ایئرپورٹ لے جایا گیا جس کے بعد کچھ ہی دیر میں انہوں نے خصوصی چارٹرڈ طیارے کے ذریعے ممبئ کے لیے اڑان بھرلی ہے۔ فیصلے کے وقت دبنگ خان کے مداحوں کی بڑی تعداد عدالت کے باہر موجود تھی جنہوں نے رہائی کے فیصلے پر خوب جشن منایا جب کہ ان کے مداحوں کی بڑی تعداد جیل کے باہر ان کے استقبال کے لیے موجود تھی۔ جودھ پور کی ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج کی عدالت کے جج روندا کمار جوشی نے آج سلمان خان کی درخواست ضمانت پر فیصلہ سنانا تھا لیکن اس سے قبل جج کا تبادلہ کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ راجستھان ہائیکورٹ نےجج روندرا کمار جوشی سمیت 87 ڈسٹرکٹ ججز کے تبادلے کردیئے ہیں۔بھارتی میڈیا کے مطابق کالے ہرن کے شکار کے کیس میں سلمان خان کو سزا سنانے والے جج دیو کمار کھتری کا بھی تبادلہ کردیا گیا ہے۔بھارتی میڈیا کا کہنا ہےکہ ججز کے تبادلے معمول کی کارروائی ہے اور ہر سال 15 سے 30 اپریل کے دوران راجستھان ہائیکورٹ کی جانب سے تبادلے کیے جاتے ہیں۔واضح رہےکہ جودھ پور کی عدالت نے کالے ہرن کے شکار کے 20 سال پرانے کیس میں سلمان خان کو 5 سال قید اور 10 ہزار روپےجرمانے کی سزا سنائی ہے۔

loading...