اتوار، 8 اپریل، 2018

سرکاری تعلیمی ادارے میں خوبصورتی،خوشبو اور علم کی آمیزش

 سرکاری تعلیمی ادارے میں خوبصورتی،خوشبو اور علم کی آمیزشاس وقت ملک بھر میں سرکاری تعلیمی اداروں کی مجموعی طور پر جو حالت ہے ان پر شرم آنے کے ساتھ ساتھ بہت دکھ ،تکلیف اور مایوسی ہوتی ہے ایک جانب ہماری کوئی بھی سرکار شعبہ تعلیم بارے کوئی انمٹ،شاندار،یادگار اور جاندار پالیسی دینے سے قاصر رہی جن سے ہماری نسل میں نکھار اور اندھیرے روشنیوں میں بدل جاتے، ان کا دھیان اس جانب نہیں جو اندھیرے دور کرتے ہیں بلکہ اس جانب ہے جہاں سے دولت کے ساتھ وہ مصنوعی اور نمائشی کاموں کی بھرمار جنہیں روشن کرنے یا رکھنے کے لئے قوی سرمایہ کے ساتھ ساتھ ایسے دماغوں کی ضرورت رہتی ہیں جنہیں ہم کسی بہتر پالیسی کی بدولت خود تخلیق کر سکتے ہیں،اس شعبہ کے لئے قومی خزانے سے انتہائی قلیل بلکہ شرمناک بجٹ اور اس میں بھی Divertionہو تو ترقی کا خواب کسی کلر اور سیم زدہ زمین کی مانند ہو گا،اوپر سے ہماری سرکار نے اس شعبہ کو تجربات کی بھٹی بنا رکھا ہے،ہر سال نصاب کی تبدیلی،کبھی امتحان نظام میں تبدیلی،کبھی چیک اینڈ بیلنس میں تبدیلی غرضیکہ نظام کے چیتھڑے ادھیڑ دئے جاتے ہیں ،اساتذہ کی عزت نفس تک کا کوئی خیال نہیں ،اب اگر دوسرے زاویہ سے دیکھا جائے تو حکومتی نا اہلیوں کی طرح تعلیمی اداروں میں تعینات سربراہان،ساتذہ کی کثیر تعداد بھی ایسے کرداروں پر مشتمل ہے جنہیں سوائے تنخواہ یا دستیاب فنڈز کو ہڑپ کرنے کے کچھ اور کام نہیں ،ان حالات میں معاشرتی و قومی ترقی ناممکن ہے مگر کچھ ایسے کردار ضرور زندہ ہیں جو ہمیشہ زندہ جاوید رہیں گے جن کا جذبہ،سوچ،فکر،پالیسی،درد مندی،ہمدردی ،محبت ،خلوص اور نیک نیتی سے انہی وسائل کے ساتھ جو دیگر اداروں کو بھی دستیاب ہیں کی نسبت ان کے ادارے ہر لحاظ سے کہیں زیادہ بہتر،خوبصورت ،خوشبواور علم کی آمیزش سے یوں لبریز ہوتے ہیں جن سے کئی نسلیں سدھر جاتی ہیں ایسے کرداروں بلکہ لاجواب کرداروں کو سراہنا،ان کی انسان دوست سوچ اور اپنے وطن سے محبت میں سرشاری کو اجاگر کرنا ہم جیسوں کا بنیادی فرض ہے ہم لوگ جہاں معاشرتی برائیوں کو اجاگر کرتے ہیں وہیں ہمیں ایسے عظیم کرداروں کو بھی نمایاں ترین کرنا چاہئے کس کو نہیں پتا کہ ملک بھر میں تعلیمی گراف کس قدر گراوٹ زدہ ہے،ایسے میں کوئی بھی ادارہ عظیم ترین شکل اختیار کر جائے تو وہ اس علاقے کے لئے کسی نعمت سے کم نہیں،پرنسپل گونمنٹ پوسٹ گریجویٹ کالج اوکاڑہ ظفر علی ٹیپو کی دعوت پر الراقم اور برادرم عابد مغل ڈسٹرکٹ یونین آف جرنلسٹس اور سٹی پریس کلب اوکاڑہ کے عہدیداران و ممبران کے ہمراہ کالج پہنچے جہاں جشن بہاراں کے سلسلہ میں تین روزہ پھولوں کی نمائش جس کا ایک روز قبل ہی ڈی سی اوکاڑہ ڈاکٹر ارشاد احمد نے افتتاح کیا تھا جبکہ تیسرے روز میاں محمدمنیر صوبائی پارلیمانی سیکرٹری نے اس نمائش کاوزٹ کیا،صحافیوں کے وفد میںمرکزی سیکرٹری جنرل RUJُ پاکستان عابد مغل ،ََُDUJ اوکاڑ ہ اور سٹی پریس کلب اوکاڑہ کے صدور مظہر رشید چوہدری اور احتشام جمیل شامی(دونوں بھائی ہی کالم نگار اور شاعر ہیں)،رائے امداد حسین کھرل،ڈاکٹر مہر محمد سلیم،خادم حسین کمیانہ،سجاد احمد بھٹی،میاں مزمل حسین جوئیہ،نثار احمد جوئیہ ،شکیل عاصم، عاشق مغل،تسکین کمبوہ،منشاء نوید ،عرفان اعجاز چوہدری شامل تھے ،اس موقع پر ڈائریکٹر کالجز ساہیوال ڈویژن رانا عبدالشکور،ڈپٹی ڈائریکٹر کالجز اوکاڑہ محمد اقبال ڈھلوں،پروفیسر کاشف مجید (شاعر) پروفیسر حامد خان اور سینئر صحافی شہباز ساجد بھی موجود تھے،پرنسپل ظفر علی ٹیپو نے ہمیں پھولوں کی نمائش جس میں درجنوں اقسام کے خوبصورت ترین پھول تھے ایک پلاٹ جس میں صرف دیسی گلاب اپنی خوشبوئیں بکھیر رہا تھا کے علاوہ مختلف بلاک کا وزٹ کرایا،یقین نہیں آ رہا تھا کہ نظم و ضبط سے بھرپور یہ وہی تعلیمی ادارہ ہے جو کبھی ہماری بھی درس گاہ تھا اس وقت شاید ہی کوئی دن ایسا ہو جب وہاں لڑائی جھگڑا نہ ہوتا ہو،آئے روز پولیس کی نفری کا وہاں موجود ہونا ،پڑھائی اور طلباء کی تعداد برائے نام ،لوگ بچوں کو یہاں کی بجائے گورنمنٹ کالج ساہیوال میں داخل کرانے کو ترجیح دیتے، آج وہ وہی اپنی مثال میں یکتا لگ رہا تھا،اصل میں ظاہری خوبصورتی تو ہر کوئی آرٹیفیشل طریقے سے بنا لیتا ہے مگر اصل بات یہ ہے کہ وہ خوبصورتی بدبودار نہ ہو بلکہ اس کا انگ انگ خوشبو بکھیر رہا ہو،کئی خوبصورت چہرے غلاظت سے لتھڑے ہوتے ہیں کئی عالی شان عمارتیں اندر سے دنیا جہان کی کمینگی سمیٹے ہوتی ہیں ،در حقیقت اندر کی خوبصورتی ہی اصل خوبصورتی ہے جس کا عملی مظاہرہ اس کالج میں نظر آ رہا تھا،پرنسپل ظفر علی ٹیپو سے پرانی گپ شپ ہے جب سے انہوں نے اس ادارے کی چیر حاصل کی تب سے یہ دن دگنی رات چوگنی ترقی کی طرف گامزن ہو گیا،جہاں کبھی بچوں کی تعداد2000تک نہیں پہنچتی تھی اب وہ انرولمنٹ6ہزار کو کراس کر چکی ہے،کالج کے اندر تمام راستے صاف ستھرے اور پختہ،ہر لان میں سبزہ ہی سبزہ،بیٹھنے کے لئے بینچز،پوسٹ گریجویشن طلبا و طالبات کے لئے نئی بلڈنگ کی تعمیر جاری،ہر سال طلبا ء طالبات کی تعداد میں اضافہ،مستحق سٹوڈنٹس کے واجبات ڈونرز کے ذریعے تا کہ کوئی تعلیم جیسی عظیم نعمت سے محروم نہ رہ جائے،کالج میں باقاعہ اسمبلی کا انعقاد،بغیر یونیفارم سٹوڈنٹس کالج نہیں داخل ہونا نا ممکن،کالج کی مسجد عام پبلک کے لئے بھی کھلی جہاں نماز جمعہ اور ماہ رمضان میں تراویح کا اہتمام کیا جاتا ہے،پھولوں کی اس نمائش کو دیکھنے کے لئے شام کے بعد جوق در جوق فیملیاں آتی ہیں،در اصل پھولوں کی یہ خوبصورتی ظاہری نہیں بلکہ ان میں وہ خوشبو ہے جو نہ صرف سانسوں کو بلکہ دلوں کو،ذہنوں کو ،سوچ کوزیور تعلیم سے یوں آراستہ کرتی ہے جو معاشرے کے نکھار تک پہنچتی ہے،ظفر علی ٹیپو کی انتھک کوششوں سے تعلیمی اس ادارہ کا تعلیمی معیار دیکھ کر یوں لگتا ہے جیسے کوئی سرکاری ادارہ نہیںبلکہ مہنگا ترین کوئی پرائیویٹ کالج ہے، کالج میں ہر پیریڈ کو باقاعدہ چیک کیا جاتا ہے جبکہ خود پرنسپل روزانہ دو پیریڈ چیک کرتے ہیں کہ تدریسی عمل کیا چل رہا ہے اس کے علاوہ ہر ہفتے ہر کلاس کے ہر سیکشن میں طلبا کا تحریری ٹیسٹ لیا جاتا ہے جس کی مارکنگ کے بعد وہی ٹیسٹ پیپرز پرنسپل آفس پہنچانے ہوتے ہیں جہاں شام کو یا کسی فری وقت ظفر علی ٹیپو متعلقہ پروفیسر یا لیکچرار کا مارکنگ لیول خود چیک کرتے ہیں ،اصل بات نیت کی ہے ان کے حق میں یوں لکھنا در حقیقت ان کی انتھک کوششوں کو خراج تحسین پیش کرنا ہے ،وہ ہیں ہی اس قابل ،ان کی تدریسی ٹیم،معاون ٹیم و دیگر شعبوں میں تعینات چھوٹے ملازمین سب قابل تعریف ہیں جو راہ میں رکاوٹ بننے کی بجائے ان کے شانہ بشانہ چل کر اس ادارے کی نیک نامی میں نہ صرف اضافہ کر رہے ہیں بلکہ ضلع اوکاڑہ کی نئی نسل کو بہتر انداز میں تعلیم و تربیت فراہم کر رہے ہیں جو کہ سرکاری اداروں میں مجموعی طور پر نہ ہونے کے برابر ہے ،ظفر علی ٹیپو نے صرف پھول ہی نہیں سجا رکھے وہ تو اپنے اور اپنے ساتھیوں کے اندر کی خوشبو سے سب کچھ معطر کر رہے ہیں یہاں وہ ظاہری خوبصورتی نہیں تھی جس کے اندر گند ہوتا ہے،نو خیز نسل کو قوت احساس ،فکری بالیدگی ،اخلاقی پاکیزگی ،آداب زندگی اورآداب معاشرت سے متعلق وسعت آشنائی کی جانب لے جانے والے بہتر ی کی جانب ڈھالنے والے یہ کردار جانتے اور سمجھتے ہیں کہ دین اسلام میں علم اور تعلیم حیات اسلامی کے لئے اسی طرح ناگزیر ہے جس طرح طبعی زندگی کے لئے ہوا اور پانی ہے،معلم کا کردار نہایت بلند اور قابل رشک ہے والد کے بعد اس روحانی باپ سے بڑھ کر کوئی زیادہ اہم اور واجب التعظیم نہیں جو ان کو قلب و روح کی غذا فراہم کرتا اور ان کے فکرو شعور کو جلا بخشتا ہے،کاش تمام سربراہان ادارہ جات ظفر علی ٹیپو اور ان کی ٹیم کی تقلید کریںپھر ہمہ وقت پائیدار خوشبو ان کے انگ انگ سے بھی ٹپکے گی۔

ہفتہ، 7 اپریل، 2018

مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کی تشکیل مکمل

مشرف کیخلاف غداری کیس کی سماعت کیلئے خصوصی عدالت کی تشکیل مکملاسلام آباد(جیو مانیٹرنگ )سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف سنگین غداری کیس کی سماعت کے لیے خصوصی عدالت کی تشکیل مکمل ہوگئی۔پرویز مشرف کے وکلا نے سابق صدر کے خلاف غداری کیس سننے والے خصوصی بینچ کے سربراہ چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس یحییٰ آفریدی پر اعتراض کیا تھا جس کےبعد انہوں نے خود کو بینچ سے علیحدہ کرلیا تھا۔جسٹس یحییٰ آفریدی کے بینچ سےعلیحدہ ہونے کےبعد عدالت غیر فعال ہوگئی تھی اور وفاقی حکومت نے نئی عدالت کی تشکیل کے لیے چیف جسٹس پاکستان کو خط لکھا تھا۔

جیونیوز کےمطابق چیف جسٹس پاکستان کو نئی عدالت کی تشکیل کے لیے وزارت قانون کی جانب سے خط لکھا گیا تھا۔چیف جسٹس پاکستان نے نئی خصوصی عدالت کی تشکیل کے لیے سندھ ہائیکورٹ کے جسٹس نذر اکبر کو خصوصی عدالت کا رکن نامزد کردیا ہے جب کہ چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ جسٹس یاور علی کو اسپیشل کورٹ کا سربراہ بنانے کی منظوری دی ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے وزارت قانون کے خط پر نامزدگی کی منظوری دے کر خط واپس بھجوادیا ہے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ چیف جسٹس کی منظوری کے بعد اب وزارت قانون نامزدگیوں کا باضابطہ نوٹی فکیشن جاری کرے گی۔

loading...