پیر، 22 جنوری، 2018

بھارت کو جارحیت کا منہ توڑ جواب دینگے:آرمی چیف،سینٹ الیکشن میں فوج کا کردار نہیں:ترجمان

 راولپنڈی(مانیٹرنگ ڈیسک،حرمت قلم ٹیم) نجی ٹی وی دنیا نیوز کو انٹرویو دیتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ ملک میں جمہوریت چلنا ضروری ہے اگر جمہوریت کے ثمرات عوام تک پہنچتے رہیں تو جمہوریت کو کوئی خطرہ نہیں، آرمی چیف جنرل قمر باجوہ بھی جمہوریت کے حامی ہیں انہوں نے ہمیشہ کہا ہے کہ وہ آئین اور قانون پر یقین رکھتے ہیں اسی لیے وہ سینیٹ میں جانے والے پہلے آرمی چیف بھی ہیں۔میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ عام انتخابات الیکشن کمیشن اور حکومت کو کرانے ہیں فوج کا اس میں کوئی کردار نہیں البتہ آئینی حدود میں انتخابات سے متعلق جو بھی احکامات ملیں گے اس پر عمل درآمد کریں گے۔ میجر جنرل آصف غفور نے کہا کہ پاکستان میں حقانی نیٹ ورک کی موجودگی کا الزام بے بنیاد ہے، یہ کہنا غلط ہے کہ پاکستان میں بیٹھے حقانی نیٹ ورک کے افراد افغانستان میں حملے کررہے ہیں کیوں کہ حقانیوں کا تعلق افغانستان سے ہے اور ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں۔علاوہ ازیں پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کنٹرول لائن اور ورکنگ باؤنڈری کا دورہ کیا۔اس موقع پر افسروں اور جوانوں سے اپنے خطاب میں جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان 2003ء کے جنگ بندی معاہدے پر قائم ہے، تاہم بھارتی اشتعال انگیزیوں کا ہمیشہ مؤثر جواب دیا گیا اور آئندہ بھی بھرپور جواب دیا جائے گا۔آرمی چیف نے سی ایم ایچ سیالکوٹ کا بھی دورہ کیا اور بھارتی گولہ باری سے زخمی شہریوں کی عیادت کی۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

loading...