لاہور(جیو نیٹ )پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف زرداری نے کہا ہےکہ نوازشریف کو بار بار بچایا اور اس نے ہماری پیٹھ پر چھرا گھونپا۔سابق صدر آصف زرداری سے پیپلزپارٹی کے رہنما عامر حسن نے ملاقات کی جس میں پارٹی امور اور سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سابق صدر آصف زرداری نےکہا بڑی کوشش کی کہ نوازشریف ٹھیک ہوجائیں اور جمہوری سیاست کریں، ہم نےجمہوریت کی خاطر نوازشریف سے مفاہمت بھی کی لیکن اس کے باوجو وہ نہ سدھر سکے۔سابق صدر کا کہنا تھا کہ نوازشریف کو بار بار بچایا اوراس نے ہماری پیٹھ پر چھرا گھونپا، وہ جمہوریت اور ملک کے لیے نہیں بلکہ اپنی ذات کے لیےسیاست کرتے ہیں۔
بعد ازاں نوابشاہ پریس کلب کی نئی عمارت کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی بہت بڑی طاقت ہے لیکن کچھ لوگوں کو یہ بات سمجھ نہیں آتی۔انہوں نے مسلم لیگ ن کی قیادت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے پاس عقل نہیں ہے اور انہوں نے اٹھارہویں ترمیم پر مکمل عمل نہیں کیا۔ان کا کہنا تھا کہ ہم نے جمہوریت کی خاطر 2013 کے انتخابات کو قبول کیا، 2013 کے آر او الیکشن نے ہمیں پنجاب میں الیکشن جیتنے نہیں دیا لیکن وقت آنے پر میاں صاحب سے جمہوری انداز میں حساب لیں گے۔سابق صدر نے کہا کہ میاں صاحب کی حکلومت ڈیڑھ سال میں ختم ہونے والی تھی لیکن ہم نے جمہوریت کو بچانے کے لیے ان کا ساتھ دیا۔آصف زرداری نے کہا کہ اگر حکومت ختم ہو جاتی تو کرسیوں کا گیم شروع ہو جاتا اس لیے نواز شریف کا ساتھ دیا لیکن میاں صاحب نے اچھا صلہ نہیں دیا۔ان کا کہنا تھا کہ میاں صاحب کے ساتھ الیکشن میں مقابلہ ہو گا، وہ بھی اپنے گُر آزمائیں ہم بھی اپنے گر آزمائیں گے۔