بدھ، 24 جنوری، 2018

افغان طالبان کی اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقات

افغان طالبان کی اسلام آباد میں پاکستان حکام سے ملاقات
طالبان کی گوگل سے لی گئی تصویر

کابل(مانیٹرنگ ڈیسک،حرمت قلم نیوز)افغان طالبان نے قطر آفس کے اعلیٰ سطحی وفد کی اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی باضابطہ تصدیق کردی ۔بدھ کو افغان خبررساں ادارے ’’خاما پریس ‘‘ کی رپورٹ کے مطابق طالبان گروپ نے باضابطہ طور پر گروپ کے قطر کے وفد کی اسلام آباد میں پاکستانی حکام سے ملاقات کی تصدیق کردی ہے ۔ ایک بیان میں طالبان کی طرف سے کہا گیا ہے کہ طالبان رہنمائوں کے پانچ رکنی وفد نے امن مذاکرات کو دوبارہ شروع کرنے کیلئے پاکستانی حکام سے ملاقات کیلئے اسلام آباد کا دورہ کیا ۔بیان میں مزید کہا گہا ہے کہ گروپ ملک میں جاری تشدد کو بات چیت کے ذریعے ختم کرنے کا خواہاں ہے تاہم اس بارے میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کی گئی ۔اس سے قبل میڈیا رپورٹس میں کہا گیا تھاکہ انٹرا افغان امن مذاکرات کے حوالے سے افغان طالبان پر مشتمل اعلی سطح کے وفد نے اسلام آباد کا دورہ کیا تاہم یہ دورہ کسی منطقی انجام تک پہنچے بغیر ہی ختم ہو گیا۔قطر میں قائم طالبان کے دفتر سے آنے والے وفد میں طالبان کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ شباب الدین دلاور اور مولوی رسول بھی شامل تھے۔ذرائع کے مطابق مذاکرات کے نئے دور کے آغاز پر بھی طالبان کا وہی موقف رہا جو ماضی میں تھا اس لیے اجلاس نتیجہ خیز ثابت نہیں ہوا۔یاد رہے کہ افغانستان میں امن کے لیے طالبان کو مذاکرات کی میز پر لانے اور انہیں سیاسی دھارے میں شامل کرنے سے متعلق مذاکرات کئی عرصے سے تعطل کا شکار ہیں۔

کوئی تبصرے نہیں:

ایک تبصرہ شائع کریں

loading...