لودھراں (نمائندگان حرمت قلم) نواز شریف نے ن لیگ کے ورکرز کنونشن سے خطاب کے دوران مخالفین کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا اور لودھراں کے عوام کا ضمنی الیکشن میں نون لیگ کے امیدوار کو منتخب کرنے پر بار بار شکریہ ادا کیا، بولے جی چاہتا ہے آپ لوگوں کا منہ چوم لوں۔نواز شریف نے کہا کہ لودھراں کے لوگوں نے ثابت کیا ہے کہ فیصلے امپائر کی انگلی نہیں عوام کے انگوٹھے کرتے ہیں، 2018ء میں پاکستان کا ہر حلقہ لودھراں بن جائے گا، مخالفین نے جھوٹ بولنے اور بہتان تراشی کے سواء کچھ نہیں کیا، لاڈلا کہتا ہے ہم نے لودھراں سے سبق سیکھنے کا فیصلہ کیا ہے، اسے 5 سال بعد سبق سیکھنے کا خیال آ گیا لیکن اب قوم اسے سبق سکھائے گی۔لودھراں نے ٹرینڈ سیٹ کیا ہے، لودھراں میں سڑکیں اور ہسپتال بن رہے ہیں، کسانوں کو سستی کھاد فراہم کی جا رہی ہے، ہم نے پاکستان میں دہشتگردی ختم کی، علی ترین کہتا تھا کہ اب 50 ہزار کی لیڈ لیں گے، اللہ سے ڈرو! اتنا تکبر ٹھیک نہیں، الیکشن جیتنے کے بعد فوراً اس کے حضور سجدے میں گر گئے۔ آج، شہباز، حمزہ اور مریم کو لے کر آپ سب کا شکریہ ادا کرنے آیا ہوں، مجھے سب نے کہا کچھ دن ٹھہر جائیں مگر میں نے کہا دیر سے گئے تو کیا گئے؟جلسے کے دوران کارکنوں نے وزیر اعظم نواز شریف کے نعرے لگائے مگر نواز شریف سرائیکی میں بولے، بھائی! میں کوں کڈ دتا نیں ۔نواز شریف نے کہا کہ انہوں نے مجھ سے کہا کہ بیٹے سے تنخواہ نہیں لی، جاؤ چھٹی کرو، مجھ پر ایک روپے کی کرپشن کا الزام نہیں، کچھ نہ ملا تو بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر فارغ کر دیا گیا، کہیں دنیا میں ایسا فیصلہ سنا ہے؟سابق وزیر اعظم نے عوام سے کہا کہ اب الیکشن کے بعد آپ لوگوں کو کچھ بڑے فیصلے کرنے ہیں، اپنے ووٹ کے تقدس کو بحال کرانا ہے تاکہ کوئی آپ کے مینڈیٹ کو پاؤں تلے نہ کچل سکے۔نواز شریف نے کارکنان سے استفسار کیا کہ ملک میں 70 سال سے جو کچھ ہو رہا ہے، اسے ختم کرو گے؟ ووٹ کے تقدس کی حفاظت کرو گے یا نہیں؟ ان کا کہنا تھا کہ آئندہ الیکشن جیتیں گے تو غریبوں کو ان کی دہلیز پر انصاف دلوائیں گے، غریبوں کو علاج کے لئے ہیلتھ کارڈ دے رہے ہیں، کسانوں کیلئے کھاد سستی کر دی ہے، بے گھر افراد کو گھر فراہم کریں گے، ہم نے جب بھی وعدہ کیا، اسے پورا کیا، پورے ضلع لودھراں میں گیس کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے۔ خیبر پختونخوا کی حکومت نے کوئی کام نہیں کیا، پانچ سال میں ایک میٹرو بس نہیں بنا سکے، کوئی ان سے پوچھے کہ 5 سال کہاں تھے؟ خیبر پختونخوا کی حکومت کی کارکردگی صفر ہے، کراچی میں حکومت کسی اور کی ہے مگر وہاں بھی کام ہم کر رہے ہیں، وہاں بھی دہشتگردی ہم
نے ختم کی ہے۔
علاوہ ازیں شہباز شریف نے ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا کہ عوام نے اے ٹی ایم مشین اکھاڑ کر دریائے ستلج میں غرق کر دی۔لودھراں کی جیت کا ڈنکہ پورے پاکستان میں بج رہا ہے، کروڑوں، اربوں روپے کے قرضے معاف کرانے والوں کا کسی نے نوٹس نہ لیا، لودھراں کے عوام نے غریب عوام کے پیسے کھانے والوں کا حساب کیا، عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں۔ عمران خان نے لودھراں میں کہا تھا کہ چوروں اور ڈاکوؤں کو شکست ہو گی، اللہ کا شکر ہے کہ چوروں، ڈاکوؤں کو شکست ہوئی، عمران خان کہتے ہیں خیبر پختونخوا میں 74 میگا واٹ بجلی پیدا کی، عمران خان بتائیں بجلی چاند پر ہے یا مریخ پر ہے؟ عمران خان جھوٹوں کے آئی جی ہیں، انہوں نے ایک کلو واٹ بجلی پیدا نہیں کی۔
کوئی تبصرے نہیں:
ایک تبصرہ شائع کریں